پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کو اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتارکر لیا

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما اسد قیصر کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما اسد قیصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی جانب سے تھانہ صوابی میں مقدمہ درج تھا جس کے بعد جمعہ کو اینٹی کرپشن حکام نے رات کو انہیں بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا ہے۔

اسد قیصر کے بھائی نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس انہیں گرفتار کر کے لے گئی ہے، ذرائع کے مطابق اسد قیصر کو اینٹی کرپشن حکام نے گرفتار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسد قیصر گجو خان میڈیکل کالج صوابی، کے پی کے کے لیے طبی آلات کی خریداری سے متعلق کرپشن کیس میں نامزد تھے، اور صوابی تھانہ میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسد قیصر کے خلاف  پی ٹی آئی کی دور حکومت میں محکمہ تعلیم میں غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ صوابی تھانے درج ہوا تھا جس میں سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی، سابق وزیراعلیٰ کے مشیر عبدالکریم خان اور ڈپٹی ای ڈی او کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

صوابی تھانے میں مقدمہ اینٹی کرپشن صوابی کے آفیسر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے مطابق پی ٹی آئی دور میں سیاسی مداخلت پر میرٹ کے برعکس بھرتیاں ہوئیں، محکمہ تعلیم کا ریکارڈ چیک کرنے  پر بے ضابطگیاں پائی گئیں۔

ادھر اس وقت ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا تھا کہ غیر قانونی بھرتیوں کے باعث قومی خزانہ کا 1 کروڑ اور 78 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp