نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ: 128 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

ہفتہ 4 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیپال میں رات گئے آنے والے زلزلے میں قریباً 128 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ملبے تلے دبنے سے سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

’اے ایف پی‘ کے مطابق 6.4 کی شدت کا زلزلہ نیپال کے ضلع جاجرکوٹ کے علاقے لامی ڈنڈا میں گزشتہ شب آیا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس کی گہرائی 18 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی تک محسوس کیے گئے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں مقامی لوگ اندھیرے میں مکانات اور عمارتوں کے ملبے سے زندہ بچ جانے والے لوگوں کو نکالتے نظر آئے، آس پاس ایمرجنسی گاڑیوں کے سائرن بجتے بھی سنائی دیے۔ سڑکیں ٹوٹ جانے سے متبادل راستوں سے علاقے تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مقامی اسپتال زخمیوں کو لانے والوں سے بھرا ہوا ہے۔

نیپالی وزارت داخلہ کے ترجمان نارائن پرساد بھٹارائی نے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے 2 اضلاع میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ نیپالی وزیر اعظم پشپا کمال نے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2015 میں نیپال میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں قریباً 9 ہزار افراد ہلاک اور 22 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ 5 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp