موسم بدلنے سے جسم پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں، اور سب سے پہلے جلد متاثر ہوتی ہے، اس وجہ سے حساس جلد والے افراد کو کئی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جلد پر خشکی اور جلد پھٹنے کی شکایات عام ہیں۔ تاہم اگر کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں تو موسم سرما کو خوشگواریت سے گزارا جا سکتا ہے۔
ماہر امراض جلد موسم بدلتے ہی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے دنوں میں دن میں گرمی اور رات میں ٹھنڈک ہوجاتی ہے، ایسے میں جلد کو چکنا رکھنے کی ضرورت پڑتی ہے، جس کے لیے باڈی لوشن یا کریم میں چند وٹامن ای کے کیپسولز کا محلول شامل کرکے استعمال کرنے سے جلد تادیر نرم و ملائم رہتی ہے۔جلد کی حفاظت کے لیے پورا سال موئسچرائزر کا استعمال ضروری ہے جس کے لیے پیٹرولیم جیلی بھی مفید ہے۔
مزید پڑھیں
ڈاکٹرز کے مطابق ایلو ویرا کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، ایلو ویرا جیل ہر طرح کی جلد اور ہر موسم کے لیے مفید ہے۔ بدلتے موسم میں دن میں کم از کم ایک بار ایلو ویرا جیل چہرے پر ضرور لگانی چاہیے۔ موسم سرما میں منہ ہاتھ دھونے یا نہانے کے لیے نیم گرم پانی استعمال کریں۔