بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس: حکومت سندھ نے 460 ارب روپے پر حق دعویٰ کر دیا

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحریہ ٹاؤن کراچی عملدرآمد کیس میں 460 ارب روپے جمع کرانے کے معاملہ پر حکومت سندھ نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 21 مارچ 2019ء کو بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) میں 16 ہزار ایکڑ زمین کی خریداری کے لیے 460 ارب روپے کی پیشکش قبول کی تھی، جس پر اب حکومت سندھ نے حق دعویٰ کردیا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی متفرق درخواست میں استدعا کی گئی کہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع رقم سندھ حکومت کو دی جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمع رقم سندھ حکومت کی ہے، سندھ حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔

حکومت سندھ نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے 4 مئی 2018ء کے فیصلہ میں 16 ہزار ایکڑ کی ملکیت سندھ حکومت کی تسلیم کر چکی ہے اور بحریہ ٹاؤن کی اقساط میں تاخیر کی متفرق درخواست دسمبر 2020ء میں مسترد کر چکی ہے۔

سندھ حکومت نے درخواست میں کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی نئی درخواست کا مقصد اقساط کی ادائیگیوں میں تاخیر ہے، بحریہ ٹاؤن 16 ہزار ایکڑ کے عوض 460 ارب کی اقساط جمع کرانے کا پابند ہے، سپریم کورٹ نے 460 ارب روپے کی ادائیگی کا حکم بحریہ ٹاون کی رضامندی سے دیا۔

اب تک 60 ارب روپے جمع کرائے گئے

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں مذکورہ کیس کی سماعت 28 ماہ کی تاخیر کے بعد 18 اکتوبر کو ہوئی تھی۔  حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ملیرڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے مطابق وہ زمین سندھ حکومت سے خرید چکے ہیں، ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دعویٰ ہے کہ زمین ان کی ہے، سندھ حکومت اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی زمین کی حوالگی کی مستند دستاویزات عدالت میں جمع کرائیں۔

عدالتی حکمنامے کے مطابق بیرون ملک سے 136 ملین پاؤنڈز اور 44 ملین ڈالر بھیجنے والوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کے لیے بیرون ملک سے بھیجی گئی رقم 35 ارب روپے ہے جبکہ سپریم کورٹ میں فریقین کی رضامندی سے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 460 ارب روپے کی ادائیگی کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

حکم نامے کےمطابق ضامن بننے والوں میں ملک ریاض، احمد علی ریاض، بینا ریاض اور زین ملک تھے، بحریہ ٹاؤن نے 460 ارب روپے میں سے اب تک صرف 60.72 ارب ادا کیے ہیں، ادا کی گئی رقم میں سے 24.62 ارب بحریہ ٹاؤن اور ایک ارب الاٹیز نے دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp