عثمان ڈار کے بھائی کو 50 لاکھ کمیشن دیا، علی جاوید کا اقبالی بیان

اتوار 26 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام اور تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے پی اے جاوید علی کا اقبالی بیان منظر عام پر آ گیا ہے۔

سوشل میڈیا ٹویٹر پر جاوید علی کا ویڈیو بیان گردش کر رہا ہے جس میں جاوید علی کہہ رہے ہیں عثمان ڈار کے بھائی احمد ڈار نے کہا کہ تم ہمارے لیے اتنا کام کرتے ہو، تمہیں سرکاری نوکری دلاتا ہوں، میں کم پڑھا لکھا ہوں، میں نے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ بنایا، احمد ڈار کے کہنے پر محکمہ تعلیم میں کاغذ جمع کروائے، انہوں نے میرا آرڈر کرایا۔

جاوید علی نے یہ بھی بتایا ہے کہ گورنمنٹ ایلیمنٹری ماڈل اسکول ڈالیاں میں نوکری کر رہا ہوں، اس کے عوض میں ٹھیکیداروں سے کمیشن جمع کر کے دیتا تھا،این اے 67 کی چار یونین کونسل کے پانچ ٹھیکیداروں سے پچاس لاکھ جمع کئے۔

جاوید علی نے بتایا کہ این اے 6 3 ماہ سے عثمان ڈار کا ڈیویلپمنٹ کے لیے پی اے تھا، باجوہ اینڈ کمپنی کو 2 کروڑ روپے کا ٹھیکہ ملا، 20 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا۔

جاوید علی نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ لیاقت بلڈرز کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، 5 لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، این اے 67 کی 28 یونین کونسلیں ہیں، 4 میں، میں کام کرتا تھا، 24 یونین کونسلوں کو خواجہ عمران دیکھتا تھا، وہ دس، پندرہ یا بیس فیصد کمیشن لیتا تھا۔

جاوید علی نے بیان میں مزید بتایا کہ زین باجوہ کمپنی کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، 5 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا، خضر کنسٹرکشن کے پاس ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا، 10 لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، بلال کنٹریکٹر کے پاس 1 کروڑ کا ٹینڈر تھا، جس کا 10 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو پہنچایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جاوید علی اور عثمان ڈار کے ہمراہ  پریس کانفرنس کی تھی اور الزام لگایا تھا کہ جاوید علی پر تشدد کر کے اس سے بیان لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp