خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کےد رمیان جھڑپ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے لیفٹیننٹ کرنل اور 3 جوان بھی شہید ہو گئے۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کر رہے تھے جنہوں نے جام شہادت نوش کیا، اس کے علاوہ نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق اور لانس نائیک عبدالقادر شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے اور آئے روز کارروائیاں کی جا رہی ہیں، 2 روز قبل دہشتگردوں نے میانوالی ایئربیس پر دھاوا بولا تھا اور اس دوران فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ دہشتگردوں نے گوادر میں بھی ناپاک کارروائی کی تھی اور پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پرفائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 14 جوان شہید ہوئے تھے۔
شہدا کی نماز جنازہ ادا، آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا
دریں اثنا دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والی فوجی آفیسر اور 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد شہدا کے اجساد خاکی کو اُن کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
شہدا کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس فوجی و سول افسران، جوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
چیئرمین سینیٹ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا شہدا کو خراج عقیدت
اِدھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت قومی قیادت نے وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ فوجی جوانوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم شہدا کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔