موبائل فون نے جہاں زندگی آسان بنائی ہے وہیں ایک مشکل یہ بڑھائی ہے کہ جانے انجانے میں یہ جب بھی ہاتھ سے گرتا ہے، تو بعض اوقات اس پر چڑھا مضبوط کور بھی اس کو نقصان سے نہیں بچا پاتا۔
صارفین کی اس مشکل کا حل نوکیا نے ڈھونڈ نکالا ہے اور Nokia G22 کے نام سے ایک ایسا پائیدار اسمارٹ فون متعارف کروایا ہے جس کی مرمت صارفین خود کر سکیں گے۔
ری سائیکل پلاسٹک بیک
فن لینڈ کی کمپنی HMD Global کی تخلیق Nokia G22 بظاہر 6.5 انچ اسکرین اور 50 میگا پکسل کیمرہ کا حامل ایک عام اسمارٹ ہے تاہم اس کی خاص بات اس کی ری سائیکل پلاسٹک بیک ہے جسے حسب ضرورت بنا کسی جھنجھٹ کے باآسانی ہٹا کر فون کے ناکارہ پرزوں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
بس آپ کو اس کام کے لیے ہارڈویئر ریپیئر ایڈووکیسی فرم iFixit کی گائیڈ بک سے رہنمائی لینا ہوگی جس کے بعد آپ حسب ضرورت Nokia G22 کا بیک کور، بیٹری، اسکرین اور چارجنگ پورٹ آسانی سے تبدیل کر سکتے ہیں۔
30 فیصد کم
ایچ ایم ڈی گلوبل میں پروڈکٹ مارکیٹنگ کے سربراہ ایڈم فرگوسن کے مطابق اسمارٹ فون میں پیدا ہونے والی خرابی کو خود دور کرنا نیا فون خریدنے کے مقابلے میں اوسطاً 30 فیصد کم خرچ ہے۔
واضح رہے کہ ریگولیٹرز کی جانب سے الیکٹرانک آلات کو زیادہ پائیدار بنانے کے تقاضے کے بعد سے اسمارٹ فون کمپنیاں فون کو زیادہ دیر تک قابل استعمال بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔