نگراں وزیراعظم سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات، انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیرِ اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے چیف الیکش کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِ اعظم کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کمیشن کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِ اعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ حکومت الیکشن کمیشن کو ملک میں آزادانہ، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی ہے اور الیکشن میٹریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ملک میں سیاسی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا، تاہم عدالتی احکامات پر صدر سے مشاورت کے دوران 8 فرروی کی تاریخ پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp