آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی پرچم لہرا کر تشکر کا اظہار

بدھ 8 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے عوام نے پاکستانی پرچم کو آذربائیجان اور ترکی کے جھنڈوں کے ساتھ پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے احترام اور تشکر کی علامت کے طور پر لہرایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے وکٹری ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

سفیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان میں ہر سال 8 نومبر کو یوم فتح کے طور پر منایا جاتا ہے، 3 سال قبل آذربائیجان نے اپنے علاقوں کو آرمینیائی قبضے سے آزاد کرایا اور اپنی علاقائی سالمیت کو بحال کیا۔

خضر فرہادوف نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی قیمتی جانیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمینیا نے تقریباً 30 سال تک آذربائیجان کے20 فیصد علاقوں کو اپنے قبضے میں رکھا، مقبوضہ علاقوں میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا اور 1992ء میں خوجالی نسل کشی کا ارتکاب کیا جس میں بے گناہ شہری مارے گئے۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp