فیکٹ چیک: کیا بینک الفلاح نے فلسطین کے لیے پاکستانیوں سے عطیات لینے سے واقعی انکار کیا؟

بدھ 8 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک خبر زیربحث ہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کے تمام بینکوں کو فلسطینیوں کے لیے عطیات جمع کرنے سے منع کردیا ہے جبکہ بینک الفلاح نے باقاعدہ طور پر عطیہ لینے سے انکار بھی کیا ہے۔

اس خبر میں کتنی صداقت ہے؟

جب اس خبر کی تصدیق کی گئی تو ذرائع نے بتایا کہ یہ خبر درست ہے کہ عطیہ لینے سے انکار کیا گیا لیکن یہ صرف ایک غلط فہمی کی وجہ سے ہوا کیونکہ عطیات کے لیے کسی کی جانب سے فلسطین کے سفارت خانے کا آفیشل بینک اکاؤنٹ دیا گیا، جس کے بعد پاکستانی شہریوں نے اس اکاؤنٹ میں فلسطینیوں کے لیے رقوم کی صورت میں عطیات بھیجنا شروع کر دیے۔

بعدازاں، فلسطینی سفارت خانے نے بینک الفلاح سے کہا کہ یہ سفارت خانے کا آفیشل اکاؤنٹ ہے اور کچھ مخصوص کاموں کے لیے مختص ہے، اس اکاؤنٹ میں اگر کوئی عطیہ کرے تو وہ عطیہ لینے سے انکا کردیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فلسطینی سفارت خانے کے اس پیغام کے بعد بینک الفلاح نے اپنی تمام برانچز کو یہ اطلاع دی کہ اس بینک اکاونٹ کے ذریعے عطیہ کی رقوم نہ لی جائیں۔

بینک الفلاح کا مؤقف

 

بینک الفلاح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اور اپنے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پیغام سے پیدا ہونے والا تاثر گمراہ کن ہے اور بینکوں کو عطیات قبول کرنے سے روکنے کی کوئی ہدایات نہیں ہیں، بینک الفلاح لمیٹڈ ایسے اکاؤنٹس میں عطیات کی سہولت فراہم کرتا ہے جو قانون کے مطابق جائز ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp