پاکستان تحریک انصاف انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کیسے کرے گی؟

جمعرات 9 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی۔

ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز اور پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔

پی ٹی آئی نے ملک بھر میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ٹکٹوں کے امدیواران کے نام شارٹ لسٹ کریں گی۔ امیدواران کی فہرست پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے ذریعے عمران خان تک پہنچائی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز ملک بھر میں امیدواروں سے متعلق سرویز کی بنیاد پر سفارشات پارٹی چئیرمین کو دیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سینیٹر شبلی فراز کو پارٹی کی تنظیم مکمل کرنے اور سرویز کے انعقاد کا ٹاسک دیا گیا تھا جس میں ماضی کے انتخابات کے نتائج اور امیدواران کی کارکردگی شامل تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان ضلعی عہدیداروں کی فہرستیں اور سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب کی سفارشات کو دیکھتے ہوئے ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کریں گے۔

تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں ایک نشست پر 2 سے زیادہ امیدواران کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور اس حوالے سے نوجوان ورکرز اور وکلا کو بھی ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp