امریکی ریاست اوریگون میں ٹرین کے سفر کے دوران ایک شخص نے دوسرے پر حملہ کر کے اس کا کان اور چہرے کا کچھ حصہ چبا ڈالا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ گریشم شہر میں رات کے وقت پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سفر کے دوران ایک 25 سالہ شخص بزرگ مسافر کی طرف لپکا اور کان دانتوں میں پکڑ لیا لوگوں کی جانب سے چھڑانے تک وہ کان اور گال کا حصہ بری طرح زخمی کر چکا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حملہ آور کو حراست میں لیا۔
حملے کا نشانہ بننے والے شخص کا نام فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا تاہم اتنا بتایا گیا ہے ان کی عمر 78 سال کے لگ بھگ ہے اور ان کا تعلق ہلزبورو سے ہے۔
گریشم پولیس کا کہنا ہے کہ ’دانتوں سے کیا جانے والا حملہ اس قدر شدید تھا کہ نشانہ بننے والا کی کھال ادھڑ گئی اور نیچے سے کھوپڑی تک نظر آنے لگی تھی۔‘
پولیس کے مطابق زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں پولیس نے 25 سالہ شخص کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس شناخت کورین کائمر کے نام سے ہوئی ہے جو حال ہی میں جارجیا سے اوریگون منتقل ہوا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ حملے کی وجہ کیا تھی اور کہیں حملہ آور کسی نشہ آور چیز کے زِیراثر تو نہیں تھا۔
عدالتی کیسز کی معلومات سے کام کرنے والی اوریگون کی آن لائن سروس پر ابھی تک یہ معلومات سامنے نہیں آئیں کہ کورین کائمر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے یا نہیں اور ابھی تک عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا۔
یہ بھی فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم کو وکیل فراہم کیا گیا ہے یا نہیں۔
گریشم پورٹ لینڈ کے مشرق میں تقریباً 24 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہاں کی آبادی ایک لاکھ 13 ہزار کے لگ بھگ نفوس پر مشتمل ہے۔