اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہوا، حماس

جمعہ 10 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا معاہدہ ہوا ہے۔

 اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں تاہم ابھی تک جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہوا ہے۔

اسماعیل ہنیہ کے میڈیا ایڈوائرز طاہر النونو نے ٹیلی گرام پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور اس لمحے تک اسرائیل کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔

یہ بیان وائٹ ہاؤس کے اس اعلان کے فوراً بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے جمعرات سے شمالی غزہ میں روزانہ 4 گھنٹے کے لیے جنگ میں ‘انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے’ پر اتفاق کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی جمعرات کو کہا کہ غزہ کی پٹی میں کسی بھی قسم کی جنگ بندی فلسطینی گروپ حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی پر منحصر ہے۔

حماس نے جمعرات کو کہا کہ اس کے پاس موجود ایک اسرائیلی فوجی اسرائیلی فضائی حملے میں مارا گیا ہے جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری سے شہادتوں کے تعداد 10 ہزار 818 تک پہنچ گئی ہے۔

غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری ہے ، 7 اکتوبر سے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور زمینی کارروائی سے غزہ میں 10 ہزار 818 فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں، جن میں 68 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں، شہداء میں 4000 سے زائد بچے بھی شامل ہیں،اسرائیلی جارحیت سے 27000 سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق 2650 افراد لاپتہ ہیں، لاپتہ افراد میں 1400 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

ایم او ایچ غزہ کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیل کی بمباری سے رپورٹ ہونے والی ہلاکتوں میں طبی عملے کے کم از کم 192 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہلاک ہونے والے طبی عملے میں UNRWA کے 99 افراد اور 18 فلسطینی شہری شامل ہیں

غزہ کے اسپتالوں کے ارد گرد کے علاقے اسرائیل کے نشانے پر

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے پیشنٹ فرینڈز اسپتال کے آس پاس کا علاقہ اسرائیلی حملے کی زد میں آ گیا ہے،جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔

غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع تل الزاطر کے علاقے میں العودہ اسپتال کے قریب ایک اور اسرائیلی حملے کی بھی اطلاع ملی، جس کے نتیجے میں ایک ایمبولینس کو نقصان پہنچا۔

القدس اسپتال کے قریب کے علاقوں پر اسرائیلی بمباری

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے القدس اسپتال کے قریب غزہ کے علاقے تل الحوا پر بمباری کی ہے، بمباری سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

القدس اسپتال نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کی وجہ سے ایندھن ختم ہونے کے بعد ‘زیادہ تر آپریشنز’ بند کر رہا ہے۔

الشفا اسپتال کمپلیکس پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 6 افراد شہید

الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ابو سلمیہ نے جمعہ کو علی الصبح الجزیرہ عربی کو بتایا کہ الشفاء اسپتال کمپلیکس پر ہونے والے اسرائیلی حملے کے بعد 6 افراد شہید ہو گئے۔

دوسری طرف اسرائیلی فورسز نے غزہ کی سب سے بڑی طبی سہولت القدس اسپتال کے قریب کے علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں ہزاروں فلسطینی شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp