وی ایکسکلوسیو: ہم پنجاب میں ن لیگ کو سرپرائز دیں گے، رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ

جمعہ 10 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ریڈ کارپٹ یا سیلیکشن کی نہیں بلکہ صاف و شفاف انتخابات کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کا اتحاد عوام سے ہو گا، جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی بڑا سرپرائز دے گی، پیپلز پارٹی کو عوامی اقتدار چاہیے، ن لیگ کو پنجاب میں سرپرائز دیں گے۔

‘پیپلز پارٹی کبھی اقتدار یا حکومت کے لیے نہیں لڑی’

وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں سابق قائد حزب اختلاف و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی اقتدار یا حکومت کے لیے نہیں لڑی، پیپلز پارٹی نے کبھی جمہوریت پر سودے بازی نہیں کی، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کو تختہ دار پر لٹکایا گیا لیکن وہ پاکستان سے باہر کبھی نہیں گئی۔

وی نیوز نے سید خورشید شاہ سے سوال کیا کہ نواز شریف ملک واپس آ گئے ہیں،ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے، کیا آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے لیے بھی ریڈ کارپٹ بچھایا جائے گا؟ جواب میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ریڈ کارپٹ کی نہیں الیکشن کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کو صاف و شفاف انتخابات چاہئیں، سیلیکشن نہیں چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سیلیکشن اس ملک کے لیے موت ہے، پیپلز پارٹی کبھی اقتدار یا حکومت کے لیے نہیں لڑی، پیپلز پارٹی کبھی جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کرتی، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کو تختہ دار پر لٹکایا گیا لیکن وہ پاکستان سے باہر کبھی نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈر کو کہا گیا کہ دبئی رک جاؤ اور وزیر اعظم بن جاؤ، لیکن وہ باہر نہیں گیا، ہمیں اقتدار نہیں چاہیے بلکہ اقتدار عوام چاہیے۔

اس سوال کے جواب میں کہ اس وقت جو صورتحال بنی ہوئی ہے، ایسے لگتا ہے کہ  نواز شریف کو سپورٹ کیا جا رہا ہے، ایسی صورت میں آپ کو اقتدار عوام نظر آ رہا ہے؟ جواب میں خورشید شاہ نے کہا ہے کہ یہ اقتدار عوام نہیں ہو گا، اگر اقتدار عوام نہیں ہو گا تو یہ ملک کے لیے بہت نقصان دہ ہو گا۔

کیا پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے بات چیت کرے گی؟

سابق قائد حزب اختلاف سے وی نیوز نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے بات چیت کرنے جا رہی ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ابھی تک کوئی بات چیت نہیں چل رہی، تحریک انصاف سے بات چیت کا فیصلہ پارٹی کرے گی کیوں کہ یہ بڑا اہم فیصلہ ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ 9 مئی والوں ( پی ٹی آئی) سے مسلم لیگ ن بھی بات کرنے کو بالکل تیار نہیں ہے کیوں کہ ن لیگ والوں کا سانس الجھ جاتا ہے، جب پی ٹی آئی کا نام سنتے ہیں، ن لیگ کا ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد اچھی بات ہے، اس کو کسی اور سے بھی اتحاد کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ سندھ میں حکومت کے لیے تحریک انصاف سے بھی اتحاد کرنے میں پریشان نہیں ہو گی۔

وی نیوز کا سوال کہ ن لیگ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور ایم کیو ایم سے اتحاد کرنے جا رہی ہے تو پیپلز پارٹی کس کے ساتھ اتحاد کرے گی؟ تو جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اتحاد عوام کے ساتھ ہو گا، ہمیں عوام کے لیے لڑنا چاہیے اور عوام کو مضبوط کرنا چاہیے۔

آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب سے کتنی نشستیں جیت پائے گی؟

ایک سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب اور سنٹرل پنجاب میں بڑا سرپرائز دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp