مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے نامساعد حالات کے الیکشن لڑے لیکن کامیابی حاصل کی تھی، ہم فری اور فیئر الیکشن کے نتیجے میں کامیاب ہوکر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ پاکستان کو واپس جی ٹوئنٹی میں لائیں گے، ڈالر اور پیٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول کریں گے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کو ہم نے 4 سال میں کنٹرول کرکے دکھایا تھا۔ مہنگائی ایک بڑا چیلنج ہے لیکن اتنا بڑا چیلنج نہیں ہے جتنا بڑا چیلنج لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی تھی۔ 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف کے مینار پاکستان کے کامیاب جلسے میں ملک بھر سے لوگ موجود تھے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سب لوگ اس امید کے ساتھ آئے تھے کہ پاکستان کو تیسری مرتبہ جب ترقی اور خوشحالی کی طرف آگے بڑھ رہا تھا اسے روکا گیا اور ایک فتنے کو پراجیکٹ کے طور پر لانچ کیا گیا اور اس کی لانچنگ پاکستان کو بہت مہنگی پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک ڈالر کے لیے ہم آئی ایم ایف اور دیگر اداروں کی منتیں کررہے ہیں عام آدمی کا جینا مشکل ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ن لیگ نے پاکستان کو بحرانوں سے نکالا ہے۔ میاں نواز شریف نے امید کو یقین میں بدلنے کا وعدہ کیا ہے، ہم پوری طرح سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ میاں نواز شریف دوسرے صوبوں کے دورے بھی شیڈول کرچکے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمارا وفد آج جی ڈی اے اور ایم کیو ایم سے مل رہا ہے۔ مختلف وفود بھی آکر میاں نواز شریف سے ملاقات کرچکے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ کہا جاتا ہے ضمنی الیکشن میں ن لیگ ہار گئی تھی اور تحریک انصاف جیت گئی تھی، اس کا ہمیں اسی وقت ادراک ہوگیا تھا۔ مسلم لیگ ایک سیاسی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ مشکل حالات میں سیاست کی ہے۔ پنجاب میں ہمارا ووٹ اور سپورٹ موجود ہے۔
مزید پڑھیں
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا جس دور میں ہمیں جھوٹے مقدموں میں جیلوں میں بند کیا گیا اس میں کون سی سہولت کاری تھی، 2018 میں کون سی سہولت کاری تھی۔ کیا ن لیگ کو لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملنی چاہیے، کہتے ہیں یہ سہولت کاری ہے، کون سی سہولت کاری ہے۔ پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتیں پنجاب میں ہمارے مخالف ووٹ کو کھینچنے کی کوشش کررہی ہے، سیاسی رواداری اور سیاسی احترام کا خیال رکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں 10، دس کھانے مل رہے ہیں سب ہمارے سامنے ہو رہا ہے مشینیں جارہی ہیں۔ سلیکشن ہوتی ہے پھر کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ 4، فائیو اسٹار کی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ ہمارا کسی نے واویلا سنا آج تک، میں آج پھر کہہ رہا ہوں اس کی جو سہولت ملنی چاہیے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے حلقے سے ن لیگ امیدوار دے گی، شاہد خاقان عباسی ہمارے ساتھی ہیں حق سچ کی بات کرتے ہیں وہ الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہتے۔ آنے والی پارلیمینٹ فیصلہ کرے کس کو سزا دینی چاہیے کس کو سزا نہیں دینی چاہیے۔ ایک ایسا کمیشن بننا چاہیے جس میں سب کا احتساب ہو، ہم انتقام کی سوچ نہیں رکھتے قوم کی سمت درست کرنے لیے اقدامات کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وقت کے ساتھ چیزیں ہماری بھی سمجھ میں آئی ہیں ان لوگوں کی سمجھ میں بھی آئی ہیں، جب دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ تھی تو ایسے منصوبے لگائے گئے جو 3 سے 5 سال میں بجلی دینے لگ جاتے، ہم ہوتے تو اب تک بھاشا ڈیم اور سی پیک مکمل ہوچکا ہوتا۔ اگر سی پیک بن چکا ہوتا تو آئی ایم ایف کو سجدے نہ کرنے پڑرہے ہوتے اور مہنگی بجلی سستی ہوچکی ہوتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شخص نے پونے 4 سال میں ملک کو بدحال کردیا، حکومت بننے کے بعد اگلے ڈیڑھ سال بھی تھوڑا مشکل ہوں گے۔ ہمارے دوسرے صوبوں میں جانے پر کسی کو اعتراض ہونا چاہیے نہ ہی کسی کے آنے پر ہمیں اعتراض ہونا چاہیے۔