کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شہریوں کو اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کے کیس میں سی ٹی ڈی کے افسر شعیب قریشی کی ضمانت مسترد کردی ، جس کےبعد ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم شعیب قریشی نے ضمانت خارج ہونے پرعدالت سے فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق شعیب قریشی کو تحقیقاتی رپورٹ میں مجرم قرار دیا گیا ہے اور پولیس افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی استدعا کی ہے۔

کراچی کے علاقے بلال کالونی سے دو شہریوں فيضان اور سعد کو اغوا کرنے اور رشوت لے کر چھوڑنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹيج بھی منظرعام پرآئی تھی جس ميں سادہ لباس اہلکاروں کو دکھایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ انچارج سی ٹی ڈی انٹیلی جنس شعیب قریشی پر شہری فیضان سے دو لاکھ 70 ہزارروپے اور سعد نامی شہری سے رہائی کے بدلے 25 لاکھ روپے رشوت طلب کرنے کا الزام ہے۔

معطل ہونے والے انچارج سی ٹی ڈی شعیب قریشی کا موقف ہے کہ مذکورہ دونوں شہریوں کے خلاف زمینوں پر قبضے کاالزام ہے اور انہيں انٹیلی جنس رپورٹ پر گرفتار کيا گیا تھا۔