پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی فٹبال ٹیم انتہائی مضبوط ٹیم ہے جس نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دی تھی لیکن فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی ٹیم سعودی عرب سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کا فٹبال میچ کب ہوگا؟
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوسرے کوالیفائنگ مرحلے میں فیفا رینکنگ میں 193ویں پوزیشن کی حامل پاکستان ٹیم کا مقابلہ ورلڈ نمبر 57 سعودی عرب سے 16 نومبر (جمعرات) کو سعودی عرب کے شہر الھفوف میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
وہ ہمیں پہلے منٹ سے ہی دباؤ میں رکھیں گے
الجزیرہ کو ایک انٹرویو میں قومی فٹبال ٹیم کے کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن کا کہنا تھا، ’مجھے یقین ہے کہ یہ ایک انتہائی مشکل گیم ہوگی، وہ (سعودی ٹیم) ہمیں پہلے ہی منٹ سے دباؤ میں رکھیں گے، مجھے پہلے ہی ممکنہ اسکورلائن سے متعلق کچھ پیشین گوئیاں سننے کو ملی ہیں مگر میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم مقابلہ کریں گے‘۔
پاکستانی شائقین اپنی توقعات قابو میں رکھیں
کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف میچ میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کو سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے پاکستانی شائقین پر زور دیا کہ وہ اس میچ کے لیے اپنی توقعات قابو میں رکھیں۔
مزید پڑھیں
کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان ٹیم نے کمبوڈیا کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں 1-0 سے فتح حاصل کی جو 3 دہائیوں میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی جیت تھی، پہلا مرحلہ جیتنے کے بعد اب پاکستان کا دوسرے راؤنڈ میں سعودی عرب، تاجکستان اور اردن سے مقابلہ ہوگا۔
پاکستان کو ہرانا اب اتنا آسان نہیں
کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ انہیں پاکستان ٹیم کی کوچنگ سنبھالے زیادہ عرصہ نہیں گزرا مگر انہیں یقین ہے کہ وہ دن گزر چکے ہیں جب پاکستان کو ایک آسان حریف سمجھا جاتا تھا، اگر کوئی ٹیم پاکستان کو ہرانا چاہتی ہے تو اسے اس کے لیے محنت کرنا ہوگی، ہم آسانی سے ہار نہیں مانیں گے۔
قومی فٹبالرز کے لیے بہترین موقع
قومی فٹبال ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے میچ پاکستانی فٹبالرز کے لیے تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوگا اور وہ پاکستان میں فٹبال کی مقبولیت میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوسکیں گے۔
Shaheens have landed in Saudi Arabia 🇸🇦#pakistanfootball #dilsayfootball #shaheens #weare26 pic.twitter.com/iKFsUNzmVY
— Pakistan Football Federation (@TheRealPFF) November 11, 2023
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کمبوڈیا سے میچ سے قبل انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ایک بات کہی تھی کہ یہ وہ میچز ہیں جن کا آپ حصہ بننا چاہتے ہیں، یہی وہ میچ ہے جو پاکستان میں فٹبال کے مستقبل کا تعین کرے گا، اگر ہم وہ میچ ہار جاتے تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ آگے پاکستان فٹبال کے ساتھ کیا ہوگا۔
پاکستان کے اگلے میچز کس کے ساتھ ہوں گے؟
کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ ایسا ملک جسے طویل عرصہ سے فیفا کی پابندیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع نہ ملا ہو اس ملک کی ٹیم بالآخر ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے مرحلے میں پہنچی ہے جس کے باعث اسے کم ازکم مزید 6 میچز کھیلنے کی ضمانت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے میچ کے بعد پاکستان کی ٹیم 21 نومبر کو تاجکستان کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گی جبکہ اس راؤنڈ کے بقیہ میچز آئندہ برس مارچ اور جون میں لھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ کولیفائرز کے دوسرے راؤنڈ کی ٹاپ 2 ٹیمیں تیسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جس میں کل 18 ٹیموں کو 3 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
’میں مستقبل تعمیر کرنا چاہتا ہوں‘
اسٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا کہ وہ حقیقت پسند انسان ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈ کپ نہیں کھیلے گا کیونکہ وہ اس کے لیے ابھی تیار نہیں ہے، ہوسکتا ہے کہ پاکستان اس رائونڈ میں اپنے تمام 6 میچز ہار جائے مگر یہ تمام میچز اس بات کا تعین کریں گے کہ ایک ٹیم کے طور پر ہمیں آگے کیسے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ماضی کریدنے کے بجائے مستقبل تعمیر کرنا چاہتا ہوں، مجھے اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کھلاڑی کی عمر کتنی ہے، مجھے صرف ایک ہی بات کی پرواہ ہے کہ کیا آپ وہ سب کچھ کرسکتے ہیں جس کی پاکستان ٹیم کو ضرورت ہے۔
اسٹیفن کانسٹینٹائن کون ہیں؟
پاکستان قومی فٹبال ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل کانسٹینٹائن نیپال، ملاوی، سوڈان، روانڈا اور بھارتی فٹبال ٹیم کی (2 مرتبہ) کوچنگ کی ہے۔ انہوں نے اپنے کیرئر کی کامیاب ترین مدت بھارتی ٹیم کی دوسری مرتبہ کوچنگ میں گزاری جس کے دوران وہ بھارتی ٹیم کو فیفا کی عالمی درجہ بندی میں 173ویں نمبر سے 97ویں نمبر پر لانے میں کامیاب رہے تھے۔