قیدیوں کی منتقلی کا آپریشن، پہلے دن 24 یرغمالیوں 39 فلسطینیوں کی رہائی کی تصدیق

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے روز حماس نے 12 تھائی باشندوں ایک فلپائنی اور 13 اسرائیلی یرغمالیوں جب کہ اسرائیلی جیلوں میں قید 39 خواتین اور بچوں کی رہائی کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ جنگ بندی معاہدہ میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطر اور ریڈ کراس نے قیدیوں کے تبادلے اور رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔

 قطر کا قیدیوں کی رہائی کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کی تصدیق

 قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعہ کو تصدیق کی ہے کہ رہا ہونے والوں میں 13 اسرائیلی شہری شامل ہیں، جن میں سے کچھ کی دہری شہریت ہے، اس کے علاوہ حماس کی قید سے رہا ہونے والے 10 تھائی اور ایک فلپائنی شہری بھی شامل ہیں۔ جب کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 39 خواتین اور بچوں کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے لکھا ہے کہ ہم معاہدے کے پہلے دن 13 اسرائیلی شہریوں جن میں سے کچھ کی دہری شہریت ہے، اس کے علاوہ حماس کی قید سے رہا ہونے والے 10 تھائی اور ایک فلپائنی شہری کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اسی طرح  39 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کی بھی تصدیق کی جاتی ہے جنہیں جمعہ کو اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا گیا ہے۔

ریڈ کراس کی تصدیق

بین الاقوامی ریڈ کراس نے جمعہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کی ٹیموں نے غزہ میں قید یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور منتقلی کے لیے کئی روزہ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ 24 یرغمالیوں کو غزہ سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے اور رفح سرحدی کراسنگ پر مصری حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) کے 8 عملے کے ارکان 4 گاڑیوں کے قافلے میں سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں سے جدا ہونے والے خاندان کے افراد جو گہرا درد محسوس کرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔ آئی سی آر سی کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ فیبریزیو کاربونی نے کہا کہ ہمیں اس بات پر اطمینان ہے کہ کچھ لوگ طویل اذیت کے بعد دوبارہ ملیں گے۔

سوئٹزرلینڈ میں قائم غیر جانبدار تنظیم آئی سی آر سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس آپریشن میں غزہ کو اضافی اور انتہائی ضروری امداد کی فراہمی بھی شامل ہے۔

غزہ میں 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا گیا

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سیکیورٹی سے وابستہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو اسرائیلی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جب کہ فلسطین کی مذاحمتی تحریک حماس کے القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے تھائی لینڈ کے شہریوں سمیت 24 یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔

حماس کے حمایتی سمجھے جانے والے فلسطینی نشریاتی ادارے نے بتایاکہ القسام بریگیڈز نے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے  کیا جس کے بعد ریڈکراس نے انہیں مصر کے حوالے کردیا ہے جب کہ اسرائیلی ٹیلی ویژن چینلوں نے خبر دی ہے کہ مصر اور ریڈ کراس کے حکام نے یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

برطانوی خبر راساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق مصری ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے جنوبی غزہ میں رفح کراسنگ پر ریڈ کراس اور ہلال احمر کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

تاہم یرغمالیوں کی منتقلی کی خبروں کے درمیان اسرائیلی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد فلسطینی خاندان جنوبی غزہ میں اپنے گھروں کی طرف لوٹنے لگے ہیں۔ جبکہ امدادی سامان بھی غزہ ے اندر پہنچنا شروع ہوچکا ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی جیلوں سے 39 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی تیاری جاری ہے۔


2 ایمبولینسز اور امدادی سامان سے بھرے 85 ٹرک فلسطینی ہلال احمد کو موصول

فلسطینی ہلال احمر کو 2 ایمبولینسز اور امدادی سامان کے 85 ٹرک موصول ہوگئے ہیں۔

امدادی گروپ کا کہنا ہے کہ گاڑیاں رفح کراسنگ سے داخل ہوئیں۔ ٹرک انسانی امداد سے لدے ہوئے تھے جن میں خوراک، پانی، طبی سامان اور ادویات شامل ہیں۔


اسرائیلی جیلوں سے 39 فلسطینی قیدی آج رہا ہوں گے

حماس اسرائیل معاہدے کے مطابق آج 39 فلسطینی قیدی اسرائیلی جیل سے رہا ہوں گے۔

قیدیوں کے لیے فلسطینی کمشنر قدورا فاریس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والی 24 خواتین اور 15 نوعمر لڑکوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے حوالے کیا جائے گا۔

فارس نے خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کو بتایا، ’ریڈ کراس کی طرف سے (فلسطینی) قیدیوں کو وصول ہونے کے بعد، انہیں یروشلم  لے جایا جائے گا جہاں سے وہ مغربی کنارے کی بیتونیہ میونسپل کونسل میں جمع ہوں گے، وہاں ان کے اہل خانہ انتظار کر رہے ہیں۔’

جنگ بندی کے معاہدے کے تحت مجموعی طور پر 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی متوقع ہے، اس کے بدلے میں غزہ میں قید 50 اسرائیلی قیدی رہا کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ  اسرائیلی جیلوں میں کم از کم 7,200 فلسطینی قید ہیں۔


بے گھر فلسطینیوں کی گھروں کو واپسی

حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد فلسطینی خاندان جنوبی غزہ میں اپنے گھروں کی طرف لوٹنے لگے ہیں۔

ایک فلسطینی صحافی ایمن الجادی نے فوٹیج شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی خاندان جنگ بندی شروع ہونے کے بعد غزہ کے جنوبی حصے میں اپنے گھروں میں لوٹ رہے ہیں۔ زیادہ تر لوگ پیدل ہی اپنے گھروں کی طرف جارہے ہیں جبکہ بعض لوگ اپنے سامان سمیت گدھا گاڑیوں پر سوار ہیں۔ بعض لوگ موٹر بائیکس اور کاروں پر بھی آ رہے تھے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج نے شمال کی طرف نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فضا سے ایسے پمفلٹس گرائے ہیں جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ لڑائی کے 4 دن کے وقفے کے دوران غزہ کے رہائشی شمال میں واقع اپنے گھروں میں نہیں لوٹ سکتے۔

دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے کہا کہ جنگ بندی کے آغاز سے کچھ دیر قبل اس نے غزہ کے سب سے بڑے طبی مرکز الشفاء ہسپتال کے علاقے میں کئی سرنگیں اور بعض سرنگوں کے کئی حصے تباہ کردیے ہیں۔


امدادی سامان سے بھرے 3 ٹرک غزہ میں داخل

دوسری طرف امدادی سامان کے حامل 3 ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوگئے۔ معروف عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کی یمنیٰ السید نے رفح بارڈر کراسنگ سے اطلاع دی ہے کہ ان میں سے دو ٹرک پیٹرول لے جارہے ہیں اور ایک گیس لے جارہا ہے۔ رپورٹر نے بتایا کہ ٹرک غزہ کے اندر پارکنگ میں کھڑے ہیں، جلد ہی ایندھن کو  اسٹیشنز پر منتقل کردیا جائے گا۔

رفح بارڈر کرسنگ کے حکام نے بھی  تصدیق کی ہے کہ غزہ میں ایندھن کی سپلائی شروع ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق آج ایندھن سے بھرے 230

ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔


جنگ بندی شروع ہونے سے پہلے غزہ پر شدید بمباری

اسرائیل نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے عین قبل بھی غزہ پر شدید بمباری کی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی جنگ بندی سے قبل غزہ کی عمارتوں پر بمباری کا جشن منا رہے ہیں۔

اسرائیلی اسٹیشن چینل 13 کے نامہ نگار الموگ بوکر نے ایک ویڈیو آن لائن پوسٹ کی ہے جس میں غزہ پر بمباری جاری ہے، عمارتیں بھک سے اڑ رہی ہیں، جبکہ اسرائیلی فوجیوں کو دور سے جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

جنگ بندی شروع ہونے سے پہلے کے آخری ایک گھنٹے میں شمالی غزہ کی پٹی میں متعدد عمارتیں تباہ کی گئیں۔


حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ پر عمل درآمد شروع

یاد رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ آج بروز جمعہ صبح سویرے نافذ العمل ہو گیا، دونوں فریقین کے درمیان طے پا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران حملے نہیں کیے جائیں گے۔ حماس اسرائیل کے 13 یرغمالیوں کو آج شام 7 بجے رہا کرے گا۔

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، معاہدے کے مطابق حماس 4 روز کے دوران 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گا، جبکہ اسرائیل یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں کا پہلا گروپ 13 خواتین اور بچوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے رہا کرے گا۔ ریڈ کراس انہیں رفح بارڈر کراسنگ تک لے جائے گا اور انہیں اسرائیلی فوج کے حوالے کرے گا جو شناخت کا عمل شروع کرے گی۔

یرغمالیوں کو جسمانی اور نفسیاتی ٹیسٹ کے لیے تل ابیب کے اسپتالوں میں لے جایا جائے گا۔ پہلے دن تبادلے کے ایک حصے کے طور پر اسرائیل سے 29 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جا رہا ہے۔

انہیں 2 اسرائیلی جیلوں سے لے جایا جائے گا، ڈیمون اور میگیدو، دونوں حیفہ کے جنوب مشرق میں واقع ہیں۔ اس کے بعد انہیں مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے جنوب میں واقع اوفر جیل لے جایا جائے گا اور وہاں سے قریبی کراسنگ پر لے جا کر ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اس کے بعد آنے والے گھنٹوں میں انتہائی ضروری انسانی امداد بھی مصر سے غزہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ روزانہ 200 امدادی ٹرک اور ایندھن کے مزید ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔ اس دوران فلسطینیوں کے لیے آئے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوں گے۔

اس سے قبل ااسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک قطر نے اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہو گا جب کہ اس سے قبل اسرائیلی افواج کی بمباری اور حملوں میں مزید متعدد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کا آغاز جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوگا اور پہلے 13 قیدیوں کو شام 4 بجے رہا کیا جائے گا۔

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا جبکہ امدادی سامان لے جانے والے ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوں گے۔

فلسطین کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 854 ہوگئی ہے جن میں 6 ہزار 150 سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp