بھارتی ریاست کیرالہ میں میوزک کانسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 4 طبا ہلاک ہوگئے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کوساٹ) میں بھارتی مشہور گلوگارہ انکیتا گاندھی کے کانسرٹ کے دوران پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی کوچین یونیورسٹی میں سالانہ تہوار کے دوران میوزک کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں گلوکارہ نکیتا گاندھی نے پرفارم کرنا تھا، کانسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں 1000 سے 1500 افراد کی گنجائش تھی۔ آڈیٹوریم میں داخلے کی اجازت صرف اُن طلبا کو تھی جن کے پاس کانسرٹ کی ٹکٹ تھی۔
رپورٹ کے مطابق گلوکارہ نکیتا گاندھی کے اسٹیج پر آنے سے پہلے ہی بارش شروع ہوگئی، اور آڈیٹوریم میں بھگدڑ مچنے سے 4 طلبا ہلاک ہوگئے جن میں 2 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل تھے۔اس واقعہ میں 60 کے قریب طلبا زخمی ہوئے، جن میں لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں۔ زخمی طلبا کو علاج کے لیے قریبی کالامسری میڈیکل کالج منقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں
کیرالہ کے وزیر صحت وینا جارج نے اپنے بیان میں بتایا کہ اسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں میں 4 طالب علموں کی حالت تشویشناک ہے۔
اے این آئی نیوز ایجنسی کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آڈیٹوریم کے داخلی اور خارجی راستے کے ایک ہی ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ جو طلبا آڈیٹوریم میں داخل ہو رہے تھے وہ سیڑھیوں سے گرگئے اور ہجوم نے انہیں روند ڈالا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ بارش شروع ہونے پر بھگدڑ مچ گئی۔ فیسٹیول کے تحت مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں میوزیکل پروگرام بھی تھا۔ پروگرام میں آس پاس کے کالجوں کے طلباء نے بھی شرکت کی، بدقسمتی سے، ہجوم بہت بڑا تھا۔ گنجائش کم تھی لیکن 2 ہزار سے زائد لوگ اندر آئے جس کی وجہ سے سیڑھیوں پر رش بڑھا اور واقعہ پیش آیا۔
انکیتا گاندھی نے بھی اس افسوسناک واقعے کے بعد افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوچین یونیورسٹی میں جو کچھ ہوا اس سے دل ٹوٹ گیا ہے، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا۔
واضح رہے کہ انکیتا گاندھی نے سلمان خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ٹائیگر 3 کے لیے گلوکاری کی، اس کے علاوہ بھی ان کے گانوں نے بھارت اور پاکستان میں دھوم مچا رکھی ہے۔