پاکستان میں ہر 10میں سے 7 افراد ہاؤسنگ اسکیمز کی کرپشن کے شکار ہیں، چیئرمین نیب

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیراحمد نے کہا ہے کہ متاثرین کو ان کے حقوق اور لوٹی ہوئی رقم واپس کر رہے ہیں۔ لوگوں کو رقوم اور پراپرٹیز کی واپسی ہی نیب کا فلسفہ ہے۔ ہر 10 میں سے 7 لوگ ہاؤسنگ اسکیمز کی کرپشن کا شکار ہیں، اب بھی منزل بڑی دور ہے اور کافی متاثرین انتظار میں بیٹھے ہیں۔

لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کوشش ہے مزید لوگ اس دھوکا دہی کا شکار نہ بنیں۔ گزشتہ چند سال سے نیب قوانین میں تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں۔ سرمایہ کاروں کی رقوم اور حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ این او سی کے ساتھ تمام پلاٹس کا ایک تاریخ پر الاٹمنٹ نمبر ہوگا۔

مزید پڑھیں

چیئرمین نیب نذیر احمد نے مزید کہا کہ نیب کے حوالے سے چند تحفظات اب بھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ نیب انصاف کی فراہمی میں سست روی کا شکار ہے، یقیناً نیب انصاف کے حصول میں تاخیر کا شکار ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ کم سےکم وقت میں متاثرین کی دادرسی ہو۔ آٹو میشن چند ماہ میں مکمل ہوجائے گی جس سے دادرسی کا عمل تیز ہوگا اور سائل کو ہمارے پاس چل کر نہیں آنا پڑے گا۔ عوام کو لوٹنے والے فصلی بٹیروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا عوام میں منظم آگاہی مہم شروع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آگاہی مہم کا حصہ بننے والے نوجوان نیب کے ’سفیر‘ بنیں گے۔ نیب کو خوف اور ہراسگی کا تاثر دور کرنا چاہیے، ہمیں چور کو پکڑنا ہے پورے محلے کو تنگ نہیں کرنا۔ کوشش کر رہے ہیں ملزم کو ملزم کہنے کے بجائے رسپانڈنٹ کہا جائے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کوئی فرد واحد یا ادارہ ملک کو کرپشن سے آزاد نہیں کرا سکتا، کرپشن کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ نیب آپ کا محافظ اور معاون ہے، ہم نیب کو پروفیشنل ادارہ بنائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp