چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، لیکن ہم ملک میں غریب عوام کی بالائی کے لیے الیکشن لڑرہے ہیں، موجودہ تمام مسائل کا حل پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور میں موجود ہے۔
کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غربت کا مقابلہ کیا ہے، ہمارا مقابلہ سیاسی پارٹیوں سے نہیں مہنگائی سے ہے۔ عوام کی طاقت سے پرانی نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں غریب عوام کی بھلائی کے لیے الیکشن لڑرہے ہیں، ہم نے یہ کرکے دکھایا ہے اور آئندہ بھی لوگوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔ پیپلز پارٹی آپ کو آپ کا بنیادی حق دلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 12سال بعد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس کو ریویو کے لیے مقرر کیا گیا، قائد عوام کے کیس میں پورے ملک کو معلوم ہے کہ وہ بے قصور تھا۔ عوام کو بتایا جائے کہ مسلم دنیا کے قائد کو پھانسی پر کیوں چڑھایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے کنونشنز کا سلسلہ بہت کامیاب رہا ہے، بی بی اور قائد عوام کے جیالوں نے دنیا بھر میں پیغام پہنچا دیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پیپلزپارٹی موجود ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے، فروری میں پرانی سیاست، تقسیم کی سیاست کو دفن کرینگے، ہم نے کرکے دکھایا ہے کہ ریاست اور حکومت مفت اور اعلیٰ معیاری علاج پہنچا سکتی ہے۔