فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے 8 بڑے شہروں میں نئے رہائشی منصوبوں پر پیشرفت شروع کردی۔
اتھارٹی کو میگا منصوبوں میں دلچسپی رکھنے والے زمین مالکان، کمپنیوں اورمختلف فرمز کی جانب سےمتعدد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں
خبررساں ادارے کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں ہاؤسنگ اسکیموں (پلاٹس، مکانات اور اپارٹمنٹس) کے متعدد منصوبوں کے لیے زمین کی فراہمی کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔
اب درخواستوں اور انتخاب کے طریقہ کار پر جوائنٹ وینچر ریگولیشنز 2020 کے مطابق عمل کیا جارہا ہے۔ اتھارٹی جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے 8 بڑے شہروں میں نئے رہائشی منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
دیگر شہروں میں لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد اور کراچی شامل ہیں۔
نئے ہاؤسنگ منصوبے وفاقی حکومت کے ملازمین اور عام لوگوں کے لیے مشترکہ منصوبے کی بنیاد پر شروع کیے جائیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق گرین انکلیو ٹو منصوبے کے پہلے حصے کے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، ایف جی ای ایچ اے سرکاری ملازمین کے گرین انکلیو ٹو رہائشی منصوبے کا ترقیاتی کام 2025 تک مکمل کر لے گا۔
ہاؤسنگ اتھارٹی گرین انکلیو ٹو پروجیکٹ وزارت ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن کے ماتحت ادارے ایف جی ای ایچ اے کا اسکائی گارڈن کے ساتھ مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد سرکاری ملازمین کو کم قیمت پلاٹ اور فلیٹس فراہم کرنا ہے۔