وائس چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کو 15 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کردیا گیا، سی پی او راولپنڈی کی ایڈوائس پر کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے تھری ایم پی او آرڈرز جاری کردیے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں ہی نظر بند کرنے کے احکامات جاری ہوئے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سابق وزیر خارجہ کی نظربندی کے آرڈر جاری کیے، جس کے تحت شاہ محمود قریشی کو 15 روز کے لیے نظر بند کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ آرڈر میں واضح کیا گیا کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں، 9 مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش درکار ہے، اس لیے شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں ہی نظر بند رکھا جائے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظورکر لی تھی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا تھا کہ ’دی گئی آبزویشنز ٹرائل کو متاثر نہیں کریں گی، ملزمان اگر ضمانت کا غلط استعمال کریں تو ٹرائل کورٹ اسے منسوخ کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5(3) بی کے جرم کا ارتکاب ہونے کے شواہد نہیں ہیں۔ ملزمان کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جرم کے ارتکاب کے لیے مزید انکوائری کے حوالے سے مناسب شواہد ہیں۔ جب کہ مزید تحقیقات کا فیصلہ ٹرائل کورٹ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی کر سکتی ہے۔