آئندہ عام انتخابات 2024 کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوگیا ہے۔جانچ پڑتال کے کام کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 سے 30 دسمبر تک کا وقت رکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ریٹرنگ افسران کی جانب سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1064 نشستوں پر 28 ہزار626 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی۔
اپیلوں پر فیصلوں کے لیے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کر دیے گئے ہیں جو 10 جنوری تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی 12 دسمبر کو واپس لیے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔
اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے لیے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ
ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی جانب سے اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2022-23 کے جمع کروانے کی آخری تاریخ اتوار 31 دسمبر 2023 مقرر کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2022-23 مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ 31دسمبر 2023 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔
اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات، راہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم۔بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینٹ سیکرٹریٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔