5 گولڈن گلوب ایوارڈز کرسٹوفر نولن کی فلم’اوپن ہائیمر‘ کے نام

پیر 8 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسکر کے بعد فلمی  دنیا کے دوسرے بڑے معتبرگولڈن گلوب ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب کیلی فورنیا کے بیورلی ہلز میں منعقد ہوئی، جہاں 9 نامزدگیوں کے باوجود گریٹا گیروک کی فلم ’باربی‘ کرسٹوفر نولن کی معرکہ آرا فلم ’اوپن ہائیمر‘ کا مقابلہ نہ کرسکی، جس نے 5 ایوارڈز اپنے نام کیے۔

’اوپن ہائیمر‘ نے بہترین ڈرامہ فلم جب کہ ’ پوار تھنگز ‘ نے بہترین کامیڈی فلم کا ایوارڈ حاصل کیا، اوپن ہائیمر میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کِلیئن مرفی کو بہترین اداکار، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کو اسی فلم میں بہترین معاون اداکار اور کرسٹوفر نولن کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہالی وڈ کی 81 ویں گولڈن گلوب تقریب سے قبل ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں نے اپنے جلوے بکھیرے، بہترین اوریجنل اسکور کا ایوارڈ بھی ’اوپن ہائیمر‘ کے نام رہا،’کلر آف آ فلاور مون‘ کی للی گلیڈ اسٹون نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ ’ایناٹمی آف آ فال’ بہترین غیر انگریزی فلم قرار پائی۔

اتوار کی رات کیلی فورنیا کے بیورلی ہلٹن ہوٹل میں 81ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں معروف ہدایت کار، پروڈیوسرز اور اسٹارز نے رنگ جمایا، اس رنگا رنگ تقریب کو امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ‘سی بی سی’ اور ‘پیراماؤنٹ’ ٹی وی چینل نے براہِ راست نشر کیا۔

گولڈن گلوب 2024 کی بہترین فلم (ڈرامہ) ‘اوپن ہائمر’ قرار پائی، ‘اوپن ہائمر’ نے بہترین فلم اور ہدایت کار سمیت 5 ایوارڈز اپنے نام کیے، بہترین ٹیلی ویژن سیریز کا ایوارڈ ‘سکسیشن’ کے نام رہا جو گولڈن گلوب کی شام 4 ایوارڈز حاصل کر کے نمایاں رہی۔

موشن پکچر میں بہترین گانے کی کیٹیگری کا فاتح ’باربی‘ فلم کا گانا ‘واٹ واز آئی میڈ فار’ قرار پایا، سنیماٹک اینڈ بوکس آفس اچیومنٹ ایوارڈ بھی گریٹا گیروک کی ہدایتکاری میں بننے والی اسی فلم کو دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp