مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس ملک میں الیکشن ہوگا بھی یا نہیں ، میں نہیں جانتا،لیکن ایسے فیصلے دیئے گئے جس سے ریاست کی بنیادیں ہل گئیں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ جمہوریت کو کمزور کرنے کے عمل میں عمران خان بنیادی کھلاڑی ہیں،پارلیمنٹ کو جو زنجیریں پہنائی گئی ہیں عمران خان اس کھیل کا حصہ تھے ۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان مجرم کے طور پر تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے ہیں ، اس ملک میں الیکشن ہوگا بھی یا نہیں ، میں نہیں جانتا،لیکن ایسے فیصلے دیئے گئے جس سے ریاست کی بنیادیں ہل گئیں، اب کہہ رہے ہیں الیکشن کروا دو۔
راہنما ن لیگ نے کہا کہ جب عمران خان کی کھچڑی پک رہی تھی تو اس وقت کھچڑی پکانے والوں کو نہیں پتہ تھا کہ یہ کچھڑی کھانی پڑے گی، اس وقت تو سارے حصہ دار تھے۔ عمران خان جب 2014ء میں اسٹیبلشمنٹ کی ملی بھگت کے ساتھ دھرنا دے رہے تھے تو وہ جمہوریت کے خلاف سازش کر رہے تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت عمران خان اور یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ اس طرح مسلم لیگ ن اور اس کی لیڈر شپ کو بدنام کر کے وہ اپنا راستہ بنا لیں گے لیکن وہ اپنا راستہ کھو رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ صرف وزیر اعظم بننا یا حکومت میں آ جانا کوئی مقصد نہیں ہوتا ، پاکستان جیسے ملک میں کوئی ایک سیاسی جماعت اکیلے یا مارشل لاء لگانے والے یا عدلیہ پاکستان کو مسائل سے تنہا نہیں نکال سکتے، سب سے اہم کردار اس میں پارلیمنٹ کا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو زنجیریں پہنانے میں عمران خان برابر کے حصہ دار ہیں اور سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں میں سے بھی ہیں۔ اس میں مختلف لوگ مختلف وقتوں میں آتے رہے اسٹیبلشمنٹ میں اور عدالتوں میں اور وہ ان کے ساتھ اس کھیل کے حصے دار بنتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ریٹائرڈ ہو کے جا چکے ہیں، وہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہیں گے، اس میں اسٹیبلشمنٹ کے لوگ بھی ہیں اور عدالتوں کے لوگ بھی ہیں، جنرلز بھی ہیں اور ججز بھی ہیں، مگر عمران خان صاحب ان سب سے فائدہ اٹھانے والوں میں سے ہیں اور ان کے ساتھی ہیں ، تو اسی لیے عمران خان ایک مجرم کے طور پر قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں تو نہیں جانتا کہ الیکشن ہوں گے بھی یا نہیں ، پتہ نہیں الیکشن کرانے والے بھی جانتے ہیں یا نہیں جنہوں نے فیصلے دیے ہیں وہ بھی جانتے ہیں یا نہیں کہ الیکشن ہوں گے ، میں اس بارے میں نہیں جانتا۔
صحافی کا سوال کہ عمران خان ابھی بھی اداروں کا لاڈلا ہے یا نہیں ؟ کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے ہنستے ہوئے کہا کہ عمران خان کے علاوہ بھی کوئی بات کر لیا کرو، آپ نے ہماری چھیڑ ہی بنا دی ہے۔