’اہم رہنماؤں کو ٹکٹ نہ دے کر پارٹی نے زیادتی کی‘ سوشل میڈیا صارفین کی ن لیگ پر تنقید

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن سےقومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین الیکشن سیل مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے نوٹیفیکشن جاری کر دیے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ توہین عدالت میں نااہلی کی سزا بھگتنے والے طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چوہدری جعفر اقبال، احمد وڑائچ، عائشہ رجب بلوچ بھی ٹکٹس سے محروم ہو گئے ہیں۔

صارفین کی جانب سے ن لیگ پر تنقید کی جا رہی ہے کہ مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے اور نا اہلی کی سزا کاٹنے والوں کو ہی جماعت نے ٹکٹ سے محروم کر دیا ، کسی نے کہا کہ جماعت نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ زیادتی کی ہے جبکہ کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ن لیگ نہیں کر رہی بلکہ یہ کہیں اور سے آ رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نےکہا کہ طلال چوہدری سے بہت سیاسی اختلاف ہیں اور رہیں گے لیکن جس طرح ن لیگ نے ایک لوٹے کے لیے کارکن کو ذبح کیا وہ باعث شرم ہے۔ طلال چوہدری نے اس پارٹی کے لیے کیا نہیں کیا۔ بیچارہ نااہل تک ہوا۔

ایک صارف نے لکھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شیئر کی گئی لسٹ میں طلال چوہدری کا نام نہیں۔ کیا این اے 96 خالی چھوڑ دیا گیا ہے؟

رانا اکمل لکھتے ہیں کہ طلال چوہدری والی سیٹ پہ ابھی کوئی نام کنفرم نہیں ہوا انشاء اللہ طلال چوہدری کو ہی ٹکٹ ملے گی، طلال چوہدری ہی آئے گا

 ایک صارف نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق نواز شریف نے تو کہا تھا کہ عوام نے طلال چوہدری اور دانیال عزیز کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اور عوام آپ کے ساتھ ہے لیکن اب نواز شریف نے دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو ہی ٹکٹ نہیں دی۔

مسلم لیگ ن کے ایک حامی صارف نے کہا کہ دانیال عزیز اور اور طلال چوہدری کو ٹکٹ نہ دے کر پارٹی  نے زیادتی کی ہے۔

باسط رضا لکھتے ہیں کہ طلال چوہدری، دانیال عزیر اور حامد حمید کو ٹکٹ نہ ملنے سے سمجھ آرہا ہے کہ ن لیگ کے فیصلے ن لیگ نہیں کررہی کیونکہ یہ تینوں وہ لوگ تھے جنہوں نے نواز شریف کے عشق میں اداروں سے پنگا لیا تھا، باقی سیاست دانوں کے لیے بھی ایک سبق ہے کہ سیاسی جماعت کے خلاف ہو جاؤ، لوٹے بن جاؤ جو مرضی کر لو آپ ہر صورت میں الیکٹیبلز رہ سکتے ہو مگر ادارے کے خلاف جاؤ گے تو سیاست ختم شد

واضح رہے کہ دانیال عزیز نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے انتخابات لڑنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

 دانیال نے معاشی تباہی اور مہنگائی کا ذمہ دار پی ڈی ایم حکومت کو ٹھہرایا تھا۔ اور احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

دانیال عزیر کو پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا انہوں نے جواب بھی جمع کرایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp