حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے پنجاب کے سابق وزیر اعلٰی چودھری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھیوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق چیئرمین چیف منسٹر کمپلینٹ سیل پنجاب اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے مشیر زبیر احمد خان کو رات گئے لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زبیر احمد خان کے گھر کے باہر گاڑیاں آ کر رکیں اور سادہ لباس میں اہلکار انہیں گھر سے گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔
زبیر احمد خان کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات فوراً سامنے نہیں آ ئی ہیں اور نہ ہی پولیس نے ابھی تک اس گرفتاری سے متعلق کوئی بیان جاری کیا ہے۔
سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سابق چیئرمین چیف منسٹر کمپلینٹ سیل پنجاب زبیر احمد خان کو گرفتار کر لیا گیا۔۔!!! pic.twitter.com/XZBSX6Sa2a
— Mughees Ali (@mugheesali81) March 8, 2023
اس سے قبل چودھری پرویز الٰہی کے دست راست سمجھے جانے والے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو ایک ہفتہ قبل بلوچستان سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔
وہ کئی روز سے مبینہ طور پر لاپتا تھے جبکہ پرویز الٰہی کا دعوٰی تھا کہ انہیں سندھ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے دست راست محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں تقرری اور تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا الزام ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمے میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے رانا اقبال کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے جنہوں نے محمد خان بھٹی کے خلاف عدالت میں اعترافی بیان بھی ریکارڈ کرادیا ہے۔