نوجوان اسٹار آل راؤنڈر صائم ایوب پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے مہنگے ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے آکشن سے قبل نئی فرنچائز حیدرآباد نے انہیں 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں سائن کر کے بابر اعظم، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کی نئی پی ایس ایل ٹیموں کے مالکان سے ملاقات، کامیاب بولی پر مبارکباد
صائم ایوب مجموعی طور پر دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں، ان سے آگے صرف آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ہیں جنہیں سیالکوٹ اسٹالینز نے 14 کروڑ روپے میں حاصل کیا ہے۔
صائم ایوب کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ وہ پشاور زلمی کی جانب سے ریلیز کیے جانے کے بعد آکشن میں آئے، جہاں فرنچائز نے پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی میں ٹی20 انٹرنیشنل کے نمبر ون آل راؤنڈر ہونے کے باعث وہ تمام فرنچائزز کی توجہ کا مرکز بنے رہے، جس کا فائدہ حیدرآباد نے اٹھایا۔
پی ایس ایل 11 کی اب تک کی نمایاں سائننگز میں اسٹیو اسمتھ 14 کروڑ (سیالکوٹ اسٹالینز)، صائم ایوب 12 کروڑ 60 لاکھ (حیدرآباد)، بابر اعظم 7 کروڑ (پشاور زلمی)، شاہین شاہ آفریدی 7 کروڑ (لاہور قلندرز)، شاداب خان 7 کروڑ (اسلام آباد یونائیٹڈ) اور ابرار احمد 7 کروڑ روپے (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے اپنے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا
حیدرآباد نے صائم ایوب کے علاوہ عثمان خان، عاکف جاوید اور معاذ صداقت کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے، جبکہ اوورسیز آپشن مضبوط بنانے کے لیے آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشینے کو براہِ راست سائن کیا گیا ہے، جو پی ایس ایل 11 میں صائم ایوب کے ساتھ فرنچائز کے نمایاں چہروں میں شمار ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 مکمل طور پر آکشن فارمیٹ میں منتقل ہو چکی ہے اور ہر فرنچائز کو صرف چار کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہے، جس کے باعث آنے والا آکشن انتہائی سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے، اور صائم ایوب پہلے ہی اس سیزن کی سب سے بڑی خبروں میں شامل ہو چکے ہیں۔














