ترازوکے دونوں پلڑے برابرکیے بغیر کوئی انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرے گا،مریم نواز

جمعہ 10 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینیئرنائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرنے تک کوئی بھی انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا اس لیے پہلے یہ کام کرو اور پھر کل الیکشن کرالو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہم انتخابات میں نہ صرف بھرپور حصہ لیں گے بلکہ کامیابی بھی حاصل کریں گے۔

فیصل آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اسی دن رک گئی تھی جس روز پانامہ بینچ نے سازش کرکے نوازشریف کو دفتر سے نکالاتھا اور یہ سازشی نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستانی عوام کے مجرم ہیں اور آج ایک ایک کردار بے نقاب ہورہاہے۔

نوازشریف کی 200پیشیاں اور عمران خان کی صرف 2 یہ قبول نہیں

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں یہ قبول نہیں کہ ایک طرف نوازشریف نے 200 پیشیاں بھگتیں اور دوسری طرف اشتہاری مجرم عمران خان کی صرف دوپیشیاں ہوئیں اور جب نوازشریف کے خلاف پانامہ بینچ سماعت کررہاتھا تو یہ عدالت میں آگے جا کر کرسی پربیٹھا ہوتا تھا مگر اشتہاری مجرم ہونے کے باوجود کسی نے اس کی گرفتاری کاحکم نہیں دیا۔

چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ثاقب نثار سمیت وہ تمام کردارآج بول رہے ہیں جنہوں نے نوازشریف کے خلاف سازش کی تھی کیوں کہ نوازشریف نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑدیاتھا ۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا میں نوازشریف کو نااہل کروں گا

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ادھر اُدھرکیوں بھاگتے ہو نوازشریف کا کیس میرے پاس لاؤ میں اسے نااہل کرتاہوں اور بیٹے سے تنخواہ لینے پر وزیراعظم ہاؤس سے نکال دیاگیا جس کی سزا آج پاکستانی قوم بھگت رہی ہے کیونکہ نوازشریف کو ہٹا کر عمران خان کو اقتدار پرمسلط کیا گیا تھا جو نالائق ترین آدمی ہے جس کے باعث آج ضمان پارک سے بنی گالا تک صرف بھنگ کے اثرات نظرا ٓرہے ہیں۔

مریم نوازنے ثاقب نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب صادق اورامین کے سرٹیفکیٹ واپس لینے پر قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی ،اب توسارے سازشی کردارایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں اور ان کے نام بھی بتارہے ہیں جن کے بارےمیں قوم کومعلوم نہیں تھا۔

چیف آرگنائزر وسینئرنائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے باعث شہبازشریف کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود وزیراعظم نے رمضان پیکیج کااعلان کرتے ہوئے حکم دیاگیا ہے کہ پنجاب کے 8 کروڑعوام کومفت آٹا فراہم کیاجائےا ور دوسرے صوبوں کو بھی اس حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں۔

عمران خان کے دورمیں قوم نے کبھی کوئی اچھی خبرنہیں سنی

مریم نوازکا کہنا تھا کہ ملک میں جب گھڑی چور کی حکومت تھی تو کسی نے کوئی اچھی خبر نہیں سنی ہر روز بری خبریں ہی آتی تھیں کہ آج پٹرول مہنگا ہوگیا آج ڈالر مہنگا ہوگیا اور پنجاب میں جب حمزہ شہبازنے 200 یونٹ تک استعمال پر بجلی فری کرنے کااعلان کیا تو یہ شخص عدالت چلاگیا اور عوام کواس سہولت سے استفادہ نہ کرنے دیاگیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نہ خود کوئی کام کرتا ہے اور نہ کسی کو کرنے دیتا ہے اس لیے میں پنجاب کے عوام سے کہتی ہوں کہ وہ اپنے دشمن کو پہچانیں اور اٹھا کر باہر پھینک دیں کیوں کہ یہ منشیات کاعادی شخص ہے اور اس کی سوچ انڈوں اور کٹوں سے آگے نہیں جاتی اور اسی لیے میں نے اس کا نام فتنہ خان رکھاہواہے۔

پانچ ماہ میں عمارتوں کے لینٹرکھل جاتے ہیں پلاسٹرنہیں اتررہا

مریم نوازنے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 5 ماہ میں تو عمارتوں کے لینٹر کھل جاتے ہیں مگر اس شخص کی ٹانگ سے پلاسٹر نہیں اتررہاکیوں کہ جب بھی عدالت بلاتی ہے تو بہانہ کرتا ہے کہ میری ٹانگ پر پلاسٹر چڑھا ہوا ہے اور جب تک عدالتیں بلاتی رہیں گی یہ پلاسٹر نہیں اترے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اتنا بزدل ہے کہ اپنی حفاظت کے لیے خواتین کو آگے کرتا ہے اور زمان پارک کے باہر ان کو ڈھال بنایا ہوا ہے اور وہاں پر بھی جوکہانیاں سامنے آرہی ہیں وہ قابل بیان ہی نہیں،تحریک انصاف کے کارکنوں کو اس کی غلیظ مہم کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔

نوازشریف نے کبھی اپنی حفاظت کے لیے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا

مریم نواز نے کہا کہ میاں نوازشریف نے کبھی اپنی حفاظت کے لیے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا بلکہ کارکنوں کے سامنے خود ڈھال بن کر کھڑےہوئے اور بیٹی کےساتھ آکر گرفتاری دی ،مجھے تحریک انصاف کے کارکن کی شہادت پر افسوس ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک کے موقع پرمیاں نوازشریف کوعالمی رہنماؤں نے ٹیلیفون کرکے کہا کہ آپ باہر نہ آئیں آپ کی جان کو خطرہ ہے مگر نوازشریف نے کہا نہیں میں اس تحریک سے دور نہیں رہ سکتا اور پھر جب ایٹمی دھماکے ہوئے تو اس وقت امریکی صدر بل کلنٹن نے نوازشریف کوٹیلیفون کیا مگر انہوں نے کہا کہ اب پاکستان اللہ کے حکم سے ایٹمی قوت بن کررہے گا،اس وقت اگر یہ ہوتا توچارپائی کے نیچے چھپ جاتا۔

اسٹیبلشمنٹ نے گندکاٹوکراسمجھ کر عمران کوسرسے اتارپھینکا

مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیلشمنٹ نے اس کو گند کا ٹوکرا سمجھ کر اپنے سرسے اتارپھینکا ہے اوراب نوازشریف جلد پاکستان آئیں گے جس روز وہ وطن پہنچیں گے اس دن سے پاکستان دوبارہ ترقی کی جانب سفر شروع کردے گا۔

چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس شخص نے خانہ کعبہ کے نشان والی گھڑی تک بیچ دی اور وہ رقم فرح گوگی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لے کر پاکستان آئی مگر خود یہ دوسروں پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگاتاہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک طرف نوازشریف کو خیالی تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیاگیا اور دوسری جانب اپنی بیٹی کو چھپانے والے گھڑی چورکے لیے کوئی سزانہیں یہ قوم کو کسی بھی صورت قبول نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp