سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے اتحادیوں سے مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
مزید پڑھیں
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آپس میں مل بیٹھیں، چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی مصالحت کے عمل میں شامل ہو۔
اس اہم میٹنگ میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما شامل تھے۔
شہباز شریف نے جمعیت علما اسلام سے بھی تعاون مانگا تھا مگر آج کے اجلاس میں جے یو آئی کی نمائندگی موجود نہیں تھی۔
میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہاکہ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف ضرور الیکشن لڑے ہیں لیکن اب ملک کے وسیع تر مفاد میں سب کو معاشی ایجنڈے پر اکٹھا ہونا ہوگا۔
معاشی ایجنڈا پہلی ترجیح ہونی چاہیے، چوہدری شجاعت
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہ حکومت کی پہلی ترجیح معاشی ایجنڈا ہونی چاہیے۔
وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہوں گی، شہباز شریف
پریس کانفرنس کے دوران صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف ہی ہیں، ان سے درخواست کروں گا کہ عہدہ قبول کریں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے مریم نواز کو نامزد کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے پاس اکثریت ہے، صدر مملکت کا فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی، اگر آزاد امیدواروں کے پاس اکثریت ہے تو آئیں ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی ہے، سیاستدان الیکشن میں ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں مگر وہ مرحلہ اب ختم ہو چکا اور اب پارلیمنٹ وجود میں آنے والی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اپنے اختلافات ختم کر کے قوم کو آگے لے کر جانا ہوگا۔ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔
شہباز شریف نے کہاکہ دھرنے دینے والوں کو پیغام ہے کہ یہ وقت ایسی سرگرمیوں کا نہیں ہے۔
ایم کیو ایم نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی، خالد مقبول صدیقی
اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ شہباز شریف کا پہلے بھی ساتھ دیا اب بھی دیں گے، ایم کیو ایم نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی۔
غریب عوام کی بہتری اور ملک کے لیے فیصلے کرنا پڑیں گے، علیم خان
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہاکہ میں میاں صاحب کی حکومت کے لیے دعاگو ہوں، غریب عوام کی بہتری اور ملک کی خاطر فیصلے کرنا پڑیں گے۔
میاں صاحب کے ساتھ کھڑے رہیں گے، صادق سنجرانی
بلوچستان عوامی پارٹی ’باپ‘ کے رہنما و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ ہم میاں صاحب کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔