افغانستان کے تجربہ کار کرکٹر محمد نبی نے مردوں کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں شکیب الحسن کو نمبر ون آل راؤنڈر کے طور پر پیچھے چھوڑ دیا ہے اور وہ ون ڈے انٹرنیشل میں آل راؤنڈرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔
افغانستان کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں محمد نبی کی شاندار سنچری نے انہیں دنیا کا نمبر ون آل راؤنڈر بنا دیا۔
اس سے قبل محمد نبی ٹی20 انٹرنیشنل میں اپنی صلاحیتوں کے لیے مشہور تھے، اب اپنی 136 رنز کی شاندار اننگز کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کی آل راؤنڈر رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آگئے ہیں۔
مزید پڑھیں
محمد نبی 39 سال اور 1 ماہ کی عمر میں آئی سی سی ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے تلکارتنے دلشان کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 2015 میں 38 سال اور 8 ماہ کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
یاد رہے کہ افغانستان کے فاسٹ بولر راشد خان ون ڈے انٹرنیشنل میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہ چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن 2019 کے بعد سے 1 ہزار 739 دن تک آل راؤنڈر کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہے ہیں، لیکن اب ان سے یہ ریکارڈ افغانستان کے محمد نبی نے چھین لیا ہے۔