پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے نے انتخابات میں دھاندلی پر احتجاج کی کال دے دی، رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کارکنان کو احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کل کراچی میں احتجاج کا اعلان کیا۔ جی ڈی اے نے سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا جس پر پی ٹی آئی سندھ نے ان کی حمایت کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب کراچی میں جمیعت علما اسلام ف نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کارکنان احتجاج کے لیے تیاری پوری رکھیں، حماد اظہر
رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب کے تمام امیدواران اور کارکنان پرامن احتجاج کی ہنگامی بنیادوں پر تیاری شروع کردیں، تیاری ہر وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر ہوگی، ہر وارڈ اور یونین کونسل سے جلوس نکلیں گے۔ احتجاج کے دن اور مقام کا کسی بھی وقت شارٹ نوٹس پر اعلان ہوگا۔ عوام اپنے چوری ہوئے پبلک مینڈیٹ کے لیے عمران خان کی کال پر نکلنے کے لیے تیار رہیں۔
نتائج کے خلاف کل یوم سیاہ منائیں گے، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نور الحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخابات کی دھاندلی نے پچھلے تمام انتخابات کو پیچھے چھوڑدیا ہے، جوڑ توڑ کرکے پی ڈی ایم حکومت کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ لوگوں کی رائے اور آر او کا دستخط شدہ لکھا نتیجہ ایک طرف کردیا گیا۔ 8 لاکھ ووٹ کے بدلے 1 سیٹ جبکہ پونے 2 لاکھ ووٹ والوں کو 25، 25 سیٹیں مل رہی ہیں۔ کوئی ایک پولنگ اسٹیشن ایم کیو ایم نے نہیں جیتا۔ یہ تو پاکستان اور کراچی دشمنی ہے۔
’آئین پاکستان کی خلاف ورزی پر تمام پاکستانی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے‘۔
مزید پڑھیں
انہوں نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھتہ خوری اور فیکٹریوں کو جلانے والوں کو آگے لانا پاکستان دشمنی ہے۔ جماعت اسلامی اپنی سیٹوں کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔ نتائج کے خلاف کل یوم سیاہ منائیں گے۔ پاکستان کو خلاف ہونے والی جعل سازی کو کل بے نقاب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں طلباء اور طالبات کے ساتھ ناانصافی کی گئی، نومبر دسمبر میں نصاب چھپ کر آیا یہ کیسا نظام ہے۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب ایک اور امتحانات الگ الگ تھے۔ پورے صوبے کے بچوں کو یہ حق ہے کہ وہ آگے بڑھیں۔
’کاپیاں ری چیکنگ کرنے کے بعد بھی سارا ملبہ طلباء پر ڈال دیا گیا‘۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گیارہویں جماعت کے نتائج کو منسوخ کیا جائے اور بارہویں جماعت کے نتائج میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جماعت اسلامی نے ان بچوں کا بیڑہ اٹھایا ہے انہیں انصاف دلایا جائے گا۔ گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس اضافے کو ہر گز قبول نہیں کرتے۔
جی ڈی اے کا احتجاج اور تحریک انصاف کی حمایت
دوسری جانب گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے بھی انتخابات میں دھاندلی پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے اپنے ایک بیان میں ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے، مخصوص جماعتوں کو جتوانے کے لیے پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے امیدواروں کے رزلٹ تبدیل کیے گئے، پیر پگاڑا خاندان نے ہمیشہ ملک کی سلامتی و بقا کی جنگ لڑی ہے۔
’جی ڈی اے کی کال پر ہونے والے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں‘۔
ترجمان پی ٹی آئی سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، جی ڈی اے کے امیدواروں کے ساتھ بھی نا انصافی ہوئی ہے، کراچی میں پی ٹی آئی کے امیدوار بھاری اکثریت سے جیتے ہیں، رات کے اندھیرے میں فارم 47 میں رزلٹ تبدیل کر دیے گئے۔
جمیعت علما اسلام کا الیکشن کمیشن کے باپر بھرپور احتجاجی مظاہرہ
علاوہ ازیں، کراچی میں جمعیت علماء اسلام نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں مقامی رہنماؤں اور امیدواروں نے خطاب کیا، امیدوار مفتی خالد نے کہا کہ میں ووٹ کاسٹ کرنےگیا تو پہلے سے کاسٹ ہوچکا تھا، اس سےزیادہ فراڈ الیکشن نہیں ہوسکتا۔
امیدوار امین اللہ نے کہا کہ رات میں بعض پارٹیوں کو بیلٹ پیپر مل چکے تھے، عام آدمی کا جمہوریت و قانون سے یقین اٹھ جاتا ہے، ہر فورم پر الیکشن نتائج کو چیلنج کرینگے۔
جمعیت علماء اسلام کراچی کے رہنما قاری عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات بدنما داغ ہے، ہمارے کامیاب امیدواروں کو ہرایا گیا، میں الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کس نے فارم 45 کے مطابق رزلٹ بنایا، جب الیکشن منصفانہ نہیں ہوئے تو احتجاج تو ہوں گے۔