ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت اسلام آباد کا جج تعینات کردیا گیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف نے اپنے نوٹیفکیشن میں بتایا ہے کہ گریڈ21 کے جج ناصر جاوید رانا کو 3 سال کے لیے احتساب عدالت جج تعینات کیا ہے.
ناصر جاوید رانا23 جنوری2027 تک بطور جج احتساب عدالت نمبر 1خدمات سرانجام دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت کے جج محمد بشیر فرائض سر انجام دے رہے تھے، جج محمد بشیر کی چھٹیوں کے باعث جج ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت کا جج تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر14 مارچ تک اپنی ریٹائرمنٹ تک چھٹیوں پر ہیں۔
جج بشیر نے صحت کو وجہ بتاتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست جمع کرائی تھی، انہوں نے درخواست میں کہا تھا کہ کام کی نوعیت اور دباؤ کی وجہ سے ہائپر ٹینشن کا سامنا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جج بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی، جج محمد بشیر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی بھی سماعت کررہے تھے۔