پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ملک میں قومی حکومت بن سکتی ہے، نواز شریف کو ایوان صدر میں بیٹھنا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہاکہ بدلے ہوئے پاکستان میں ایک مضبوط وزیراعظم کی ضرورت ہے، لولی لنگڑی حکومت نہیں چل سکے گی۔
مزید پڑھیں
’مسلم لیگ ن کو وزارت عظمیٰ سے دستبردار ہو جانا چاہیے، اس سے پیغام جائے گا کہ ہم مسائل میں اضافے کا باعث نہیں بن رہے بلکہ حل کا حصہ ہیں‘۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی لولی لنگڑی حکومت نے پہلے ہی ہمیں بہت نقصان پہنچایا، 5 سے 6 سال میں عوام اور سسٹم میں تبدیلی آ گئی ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہاکہ یہ 2017 اور 2018 اور والا پاکستان نہیں، پہلے پاکستان، پھر پارٹی اور اس کے بعد شخصیت آتی ہے۔
نواز شریف کو اس وقت اسٹیٹس مین کا کردار ادا کرنا چاہیے
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو اس وقت اسٹیٹس مین کا کردار ادا کرنا چاہیے، روایتی سیاستدان کرسی کے لیے ایسے لڑ رہے ہیں جیسے پرچون کی دکان پر کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہاکہ لگتا ہے کہ نواز شریف کو ڈرا کر گھر پر بند کر دیا گیا اس لیے الیکشن ہارے، گزشتہ سالوں میں جو کچھ ہوا اس کا نقصان ن لیگ کو بہت نقصان ہوا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے نواز شریف کو کہا تھا ہمارے بیانیے کو عمران خان نے لے لیا ہے اور ہم عوامی سے سرکاری پارٹی بن گئے ہیں۔ ’ہمارا مسئلہ ہے کہ ہم لڑ پڑتے ہیں یا لیٹ جاتے ہیں‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وفاق میں حکومت بنانا مسلم لیگ ن کی بالکل بھی مجبوری نہیں ہے۔