پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ نماز جمعہ کے وقفے کے بعد صوبائی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو اسپیکر پنجاب اسمبلی سطبین خان نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد وزارت اعلیٰ کی امیدوار مریم نواز نے بھی حلف اٹھایا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھانے پر اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔
سیکریٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب کل خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے کاغذاتی نامزدگی کی جانچ پڑتال آج کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
ملک میں عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج صبح 10 طلب کیا گیا تھا تاہم یہ 2 گھنٹے تاخیر کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ بعد ازاں اسپیکر سبطین خان نے نماز جمعہ کا وقفہ کرتے ہوئے اجلاس کی کارروائی 45 منٹ کے لیے ملتوی کی تھی۔
اجلاس شروع ہوتے ارکان کی نوک جھوک
پنجاب اسمبلی میں اجلاس شروع ہوا تو سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر سے گفتگو کی کوشش کی، جس پر اسپیکر سبطین خان نے انہیں کہا، ’ابھی آپ ممبر ہی نہیں بنے، حلف لے لیں پھر آپ سب کی بات سنیں گے۔‘
اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ 27 مخصوص نشستیں الیکشن کمیشن نے رکھی ہوئی ہیں ان کا فیصلہ ہونا ہے، ہم کتنے دن ایوان کو روک سکتے ہیں، حلف کا ہونا ضروری ہے اس کے بعد جو مرضی کریں۔
ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے، رانا شہباز
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے نو منتخب رکن رانا آفتاب نے اسپیکر سے کہا کہ ہمارے لوگوں کو اندر آنے نہیں دیا گیا۔ نو منتخب رکن رانا شہباز نے مخصوص نشستوں کا معاملہ ایوان میں اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سنی اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی ہے، ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، ہمارے مہمانوں کو اندرآنے کی اجازت نہیں دی گئی، ایک مخصوص جماعت کے لوگ مہمانوں کی گیلری میں بٹھا دیے گئے ہیں۔
اسپیکر سبطین خان نے انہیں کہا کہ وہ اپنے مہمانوں کی فہرست انہیں دے دیں۔
پہلے حلف، پھر بات ہوگی، ملک احمد خان
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حلف سے پہلے بات نہیں کی جا سکتی ہے، پہلے ارکان کا حلف لیں پھر بات ہوگی۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی۔
میاں اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر
پنجاب اسمبلی کے نو منتخب آزاد امیدوار میاں اسلم اقبال کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وہ میاں اسلم اقبال کی رپورٹ منگوائیں گے، اگر وہ گرفتار ہیں تو ان کے پروڈکشن آڈر جاری کریں گے۔
اللہ کرے پنجاب میں خدمت کا نیا دور شروع ہو، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ کرے کہ پنجاب میں خدمت کا ایک نیا دور شروع ہو۔ انہوں نے یہ بات آج پنجاب اسمبلی پہنچنے کے بعد میڈیا نمائندوں گفتگو کے دوران کہی۔
کون کون پنجاب اسمبلی پہنچا؟
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب کے لیے وزارت اعلیٰ کی نامزد امیدوار مریم نواز کے علاوہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، اسحٰق ڈار اور مریم اورنگزیب بھی پنجاب اسمبلی پہنچے۔
علاوہ ازیں، نو منتخب ارکان عظمیٰ بخاری، سمیع اللّٰہ خان، فیصل کھوکھر، غزالی سلیم بٹ، ملک خالد کھوکھر، سلمیٰ بٹ، اسد کھوکھر، سہیل شوکت بٹ، شیر علی گورچانی، میاں مرغوب، رانا اقبال، عظمیٰ کاردار اور حنا پرویزبٹ پنجاب اسمبلی پہنچنے والوں میں شامل تھے۔
کسی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی، کسی کو نہیں، اسپیکر
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی اور کسی کو نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ارکان کو اسمبلی آنے سے نہیں روکا جانا چاہیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس 6، 6 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوتا تھا، میرا خیال ہے کہ میں بہت جلدی آ گیا ہوں۔
گاڑی میں چھپ کر اسمبلی پہنچا ہوں، آزاد رکن
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز نے میڈیا کو بتایا کہ وہ آج گاڑی میں چھپ کر پنجاب اسمبلی تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن جیت کر یہاں تک آئے ہیں، کیا اب بھی انہیں گرفتار کیا جائے گا؟