پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ابھی تک آئی ایم ایف کو کوئی خط نہیں لکھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، عوام کی خوشحالی اور گڈگورننس کے لیے آئی ایم ایف سے انگیجمنٹ کو سپورٹ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
سینیٹر علی ظفر نے کہاکہ عمران خان کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جوڈیشری کے ذریعے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرائی جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کے لیے عمران خان نے مجھے چیئرمین کے لیے نامزد کیا ہے تاہم ابھی اس پر مزید مشاورت ہونی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین شپ کے لیے بہت وقت دینا پڑتا ہے، میرے پاس پہلے ہی بہت زیادہ کیسز ہیں، اگر میرا نام واپس ہوا تو بیرسٹر گوہر ہی چیئرمین کے امیدوار ہیں، انہیں نکالے جانے کی باتیں درست نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر علی ظفر نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی انتخابی دھاندلی کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔
اس کے بعد آج عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئی ایم ایف کو خط لکھ چکے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے خط لکھنے سے متعلق وضاحت کی کہ سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا۔