انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے راہنما ارسلان تاج کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے گرفتار رہنما ارسلان تاج کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا۔
سندھ پولیس نے عدالت سے ارسلان تاج کے 10 روز سے زائد جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ارسلان تاج کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی ارسلان تاج نے کہا کہ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، یہ کچھ بھی کرلیں ہم عمران خان سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، کسی کی تسکین پوری ہوگئی ہو تو دیکھ لے میرے چہرے ہر مسکراہٹ ہے، اب گبھرانا آپ کو ہوگا۔
ارسلان تاج کے وکیل ارسلام تاج نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارسلان کو مقدمے میں غلط گرفتار کیا گیا، وقوعے کے وقت ارسلان تاج وہاں موجود نہیں تھے، وقوعے کے وقت ارسلان تاج سندھ اسمبلی میں موجود تھے۔
ارسلام تاج نے کہا کہ ارسلان تاج کے موبائل کا سی ڈی آر چیک کروایا جائے، مقدمے میں ارسلان تاج کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔