معروف بھارتی اداکار ناصر خان نے کہا ہے کہ بالی وڈ اسٹارز عامر خان اور سلمان خان کے درمیان اگر کوئی مقابلہ تھا تو وہ صحت مند قسم کا پروفیشنل مقابلہ تھا۔ عامر خان ہر چیز اچھے سے اچھا کرنا چاہتے تھے جبکہ سلمان خان کہتے چلو ختم کرو گھر چلو تو عامر کہتے نہیں، نہیں مجھے اسے ’پرفیکٹ‘ کرنا ہے۔
بھارتی یوٹیوبر سدھارتھ کنن کے یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو میں ناصر خان نے فلم انڈسٹری میں تینوں خانوں کے کام کرنے کے انداز اور ان کے ساتھ دہائیوں پرانے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان ان کے بچپن کے دوست ہیں۔
مزید پڑھیں
جب ناصر خان سے پوچھا گیا کہ کیا سلمان خان اور عامر خان کے درمیان انڈسٹری میں ان کے ابتدائی دور میں کوئی پیشہ ورانہ مقابلہ تھا تو انہوں نے کہا کہ وہ صحتمند مقابلہ تھا۔ یہاں تک کہ ’انداز اپنا اپنا‘ کے دور میں بھی جب میں وہاں جاتا تھا تو بہت مزہ آتا تھا۔ کیونکہ عامر بہت پُرعزم ہے، جبکہ سلمان خان کہہ رہے ہوتے تھے ’چلو ختم کرو گھر جاتے ہیں‘ اور عامر خان کہتے تھے مجھے اسے ’پرفیکٹ‘ کرنا ہے۔
عامر خان اور سلمان کا کام کرنے کا طریقہ مختلف ہے، وہ دونوں مختلف لوگ ہیں لیکن ایسا نہیں ہے کہ وہ دوست نہیں ہیں۔ بہت اچھت دوست ہیں لیکن ان میں پیشہ ورانہ مقابلہ تھا اور ویسے بھی اس وقت ہر کوئی جوان تھا۔
شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ کو اس وقت سے جانتا ہوں جب وہ بمبئی آئے تھے۔ ہم مل کر کام کرتے تھے، ہم بہت ملتے تھے اور ایک ساتھ بہت سا وقت گزارتے تھے۔ گھومتے پھرتے تھے، شاہ رخ خان اس وقت سلمان خان کے گھر بھی بہت آتے جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کی فلم ڈر کے بعد تو لوگ ان کے دیوانے ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ اداکار ناصر خان ماضی کے لیجنڈری اداکار جانی واکر (بدر الدین قاضی) کے بیٹے ہیں اور وہ خود بھی سلمان خان اور عامر خان کے بالی ووڈ میں آمد کے ابتدائی دنوں اکٹھے اداکاری کرچکے ہیں۔