’عمران خان ٹھیک کہتا تھا ایک تو یہ پڑھے لکھے نہیں دوسرا کوشش بھی نہیں کرتے‘: صارفین کی مریم نواز پر تنقید

جمعرات 7 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز پنجاب کی 18رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس میں ارکان سے حلف لیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازبھی پنجاب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں موجود تھیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم میں  کئی بہت قابل اور نوجوان لوگ رکھے ہیں، بیرون ممالک سے تعلیم یافتہ اور تجربہ کار لوگوں کو پنجاب کابینہ کاحصہ بنایا ہے اور ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نو منتخب کابینہ کے ارکان کی تصاویر کے ساتھ ان کی تعلیمی قابلیت شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میری کابینہ ہے لیکن صارفین کی جانب سے ان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ مریم نواز کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں املا کی غلطیاں ہیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ مریم نواز نئے الفاظ  ایجاد کر کے پنجاب کو لیڈ کر رہی ہیں وہیں کئی صارفین نے عمران خان کو بھی یاد کیا اور کہا کہ عمران خان مسلم لیگ ن کے بارے میں بالکل ٹھیک کہتے تھے کہ یہ پڑھے لکھے نہیں ہیں۔

اسامہ فاروق نے لکھا کہ وزیر خوراک بلال یاسین کی ڈگری گریجویشن نہیں ’گریجوکیشن‘ ہے، انہوں نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ان کے بارے میں بالکل درست کہتے تھے کہ ایک تو یہ پڑھے لکھے نہیں ہیں اور دوسرا کوشش بھی نہیں کرتے۔

رضوان نامی صارف لکھتے ہیں کہ اسپیلنگ چیک کی کمی اور پھر پڑھے بغیر پوسٹ کرنا صرف ان کی اہلیت کو ظاہر کرتا ہے

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ مجھے بھی یہ والی ڈگری حاصل کرنی ہے۔

احمد عمران نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صاحبہ! براہ  مہربانی اسپیلنگ کی غلطیاں درست کروا دیں، یہ کاپی پیسٹ نہیں چلے گا۔ آپ وزیراعلیٰ ہیں انگریزی پر بھی توجہ دیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی صوبائی کابینہ کے حجم میں اضافہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس میں 8 سے10 صوبائی وزیر کابینہ میں شامل ہو سکتے ہیں، اہم وزارتوں کے قلم دان وزراء کو سونپنے تک وزیراعلیٰ مریم نواز کے پاس ہی رہیں گے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp