قیصرہ الٰہی کے پاس نقلی فارم 45 ہیں، ہمارے خلاف کھلے عام دھاندلی ہوئی، چوہدری شافع حسین

ہفتہ 9 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی وزیر برائے کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری شافع حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ قیصرہ الٰہی کے پاس نقلی فارم 45 ہیں اور اس پر وہ مناظرہ کرنے کو تیار ہیں۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ قیصرہ الہی کے پاس کاربن پیپر والے فارم 45 ہیں اور مناظرے کی شرط یہ ہوگی چوہدری پرویز الٰہی کی فیملی یہ لکھ کر دے گی کہ اگر وہ فارم اصلی ثابت ہوگئے تو وہ لوگ ہمیشہ کے لیے سیاست سے دستبردار ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں

چوہدری شافع نے کہا کہ قیصرہ الٰہی میڈیا پر ٹرائل چاہتی ہیں جو لیگل فورم ہیں وہاں جائیں اور اگر ان کے پاس اصلی فارم 45 ہیں تو ہم بھی فارم 45 لانے کے لیے تیار ہیں دونوں کے فارمز کا فرانزک ہونا چاہیے اور اگر قیصرہ الٰہی کے فارم 45 غلط نکل آئے تو وہ لکھ کر دیں گی کہ ان کی فیملی کبھی سیاست نہیں کرے گی۔

مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل پنجاب چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والوں نے ہمارے کچھ حلقوں میں دھاندلی کی ہے، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر کھلے عام اسٹمپ لگائی جاتی رہی کوئی روک ٹوک نہیں تھی اور کچھ حلقوں میں تحریک انصاف کی دھاندلی نہ ہوتی تو رزلٹ کچھ اور ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تو شکر ہے کہ وہ اور ان کے بھائی چوہدری سالک جیت گئے، ہارنے والے ہمیشہ کہتے ہیں ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی لیکن ہم اس صورتحال میں بھی جیت گئے۔

مونس سمجھ دار تھے اس لیے اسپین چلے گئے

 صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی فیملی آج کل جو زبان استعمال کر رہی ہے  وہ درست نہیں ہے، چوہدری شجاعت حسین نے 2 سال پہلے کہا تھا کہ گھر کی خواتین کو سیاست میں نہ لایا جائے لیکن قیصرہ الٰہی سیاست میں آگئیں یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید یہ ہی چاہتے تھے کہ گھر کی خواتین سیاست میں نہ آئیں، چوہدری شجاعت حسین نے کہا تھا کہ جو پرویز الٰہی فیملی بیان بازی کر رہی ہے اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2، ڈھائی سال پہلے مونس نے کہا تھا کہ سیاست اپنی اپنی، ہم چاہتے تھے کہ مل کر چلیں مگر مونس الٰہی نہیں چاہتے کے ہم ساتھ چلیں اب وہ اسپین میں بیٹھے ہیں، وہ کہتے تھے کہ وہ سب سے زیادہ سمجھ دار ہیں انہں اب پتا چلا ہوگا۔

’چوہدری پرویز الٰہی سے ذاتی نوعیت کی باتیں ہوئیں‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد ہماری چوہدری پرویز الٰہی سے جیل میں ملاقات ہوئی ادھر انہوں نے ذکر نہیں کیا کہ وہ فارم 45 کے تحت وہ اور ان کی اہلیہ الیکشن جیتے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پرویز الٰہی سے جیل کی ملاقات میں اپنی باتیں ہوئیں جو میں یہاں بتانا مناسب نہیں سمجھتا‘۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پیپلزپارٹی پنجاب میں کچھ وزراتیں لے گی، پنجاب کے اندر سب کو کام کرنا پڑے گا دن رات محنت کر کے ڈلیور کرنا ہوگا ، ہمیں ایمانداری سے کام کرنا چاہیے ہماری ٹیم اچھی ہونی چاہیے اگر ہم نے ڈلیور نہ کیا تو ہمیں آگے چانس نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک کی چھوڑی ہوئی صوبائی سیٹ پر کون الیکشن لڑئے گا اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ن لیگ کے ساتھ اس الیکشن میں ہماری سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں تھی اس لیے ضمنی الیکشن میں ہم اپنا امیدوار سامنے لائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری والے انتخابات میں ہماری ن لیگ کے ساتھ 8 سیٹوں پر ایڈجسمنٹ کی بات ہوئی تھی لیکن انہوں نے وہاں اپنے امیدوار کھڑے کیے تو ہم نے گجرات کی سیٹ پر بھی ن لیگ کو کہہ دیا کہ ہم سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں کرنا چاہتے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ جس حلقے سے چوہدری سالک جیتے ہیں وہاں ن لیگ کا امیدوار خود ہی الیکشن نہیں لڑا، جب سیٹ ایڈجسمنٹ والا معاملہ بگڑا تو ہم نے کارکن اور اپنے امیدواروں کو یہ ہدایت کی کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بارے میں کوئی غلط بیان نہ دیا جائے۔

پنجاب میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے

چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اندر کوئی اپوزیشن نہیں ہے جو پنجاب اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل والوں نے کیا ہے وہ نارمل ہے اس طرح اجلاسوں کے دوران ہوتا رہتا ہے، اپوزیشن کا کام ہوتا ہے نعرے لگانا وہ یہ بھی نہ لگائیں تو کیا کریں ہمارے پاس بھی اپوزیشن کو کہنے کے لیے  بہت کچھ ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دور میں بہت کرپشن ہوئی، ٹرانسفر پوسٹنگ پر رشوتیں لی گئیں اور یونیورسٹیز کے چارٹر اسمبلی سے منظور کروانے کے پیسے لیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp