وفاقی وزیرخزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوطرفہ ترقیاتی تعاون جاری ہے، پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کااظہارپاکستان میں یورپی یونین کی سفیررینا کیونکا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مزید پڑھیں
وزیرخزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کا خیرمقدم کیا اورپاکستان اوریورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعاون کوسراہا۔وزیرخزانہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یورپی یونین کی جانب سے جاری امداد اور تعاون پرسفیر کا شکریہ ادا کیا۔
یورپی یونین کی سفیر نے وزیرخزانہ کامنصب سنبھالنے پرمحمداورنگزیب کومبارکباد دی اورنئی حکومت کے ساتھ کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکیا۔
وزیرخزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کوموجودہ حکومت کی اہم ترجیحی اصلاحات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے معیشت کودستاویزی بنانے، برآمدی مسابقت، لائیوسٹاک اورڈیری پروڈکشن سمیت کئی اہم شعبوں پرروشنی ڈالی جہاں پاکستان اوریورپی یونین باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
یورپی یونین کی سفیر نے حکومت کے اقتصادی ایجنڈہ کی تائید کی اوراس حوالہ سے یورپی یونین کی معاونت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔