سابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور پنجاب کی سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ایک آڈیو لیک منظر عام پر آگئی جس میں کہا گیا کہ اگر ٹکٹ چاہیے تو تمام افراد بندے لے کر زمان پارک پہنچیں۔
آڈیو لیک میں ڈاکٹر یاسمین راشد بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ سے کہہ رہی ہیں کہ ‘خان صاحب نے کہا کہ سارے ایم این ایز، ایم پی ایز کو فون کرو، ان سے کہو کہ زمان پارک پہنچیں اور بندے لے کر پہنچیں، جو نہیں پہنچے گا میں نے اس کو ٹکٹ نہیں دینا’۔
اس آڈیو لیک میں یاسمین راشد مزید کہہ رہیں کہ ‘عمران خان نے ابھی مجھے یہ بات کہی ہے’۔ اس کے جواب میں بریگیڈئیر اعجاز شاہ نے کہا کہ ‘جی ! ہم کر رہے ہیں۔’
عمران خان کہتے ہیں کہ ’جو بندے لے کر نہیں پہنچا ٹکٹ نہیں دوں گا،‘ ڈاکٹر یاسمین راشد @Dr_YasminRashid اور بریگیڈیئر اعجاز شاہ کی آڈیو کال لیک#LeakedAudio #YasminRashid #PTI #WENews pic.twitter.com/wPmEgj1jeI
— Shahid Abbasi (@ShahidAbbasiPak) March 15, 2023
واضح رہے کہ لاہور کا علاقہ زمان پارک گزشتہ روز سے میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔ اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس رینجرز کی معاونت سے تحریک انصاف کے سربراہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم تحریک انصاف کے کارکنان مزاحمت کر رہے ہیں۔
وی نیوز رپورٹنگ ٹیم کے مطابق اس وقت بھی سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کی حفاظت کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان گرفتار ہونے کے لیے تیار ہیں لیکن کارکنان نہیں مان رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے آج ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں بھی کچھ اسی قسم کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں نے زمان پارک کے باہر موجود کارکنان سے کہا کہ آپ چلے جائیں، میرا بیگ تیار ہے، میں کوئی انتشار نہیں چاہتا۔ تاہم ہمارے کارکنان کو پتہ ہے کہ جب سے ہماری حکومت گئی ہے، ہمارے لوگوں کو جیل میں ڈال کر تشدد کیا گیا۔ ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ اعظم سواتی، شہباز گل کے ساتھ کیا ہوا۔ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا، ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ ظل شاہ کو کس طرح اٹھایا گیا اور اس پر تشدد کرکے قتل کیا اور سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اسی لیے کارکنان کو فکر ہے کہ پولیس مجھے لے گئی تو وہ میرے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کرے گی، یہی وجہ ہے کہ کارکنان رات سے مقابلہ کر رہے ہیں۔’