شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر خودکش حملہ، 7 فوجی شہید، 6 دہشت گرد ہلاک

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

16 مارچ 2024 کی علیٰ الصبح، 6 دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر خود کش حملہ کیا۔ جس کے نتیجے میں سرزمین کے 5 بہادر بیٹے شہید ہوگئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 2 افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی اپنے فوجیوں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنایا تو دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرا دیا، اس کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور 5 بہادر سپاہی شہید ہوگئے۔ شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کا رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کا رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کا رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کا رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کا رہائشی) شامل ہیں۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی سربراہی مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر: 39 سال، کراچی کے رہائشی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر: 23 سال، ضلع تلہ گنگ کے رہائشی) نے بہادری سے لڑنے کے بعد شہادت کو گلے لگایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُر عزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر نے شہدا کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا اور اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی شمالی وزیرِستان میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِاعظم نے شہدا کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی میرعلی میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے حملے میں شہید سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے المناک نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  قوم ان بہادر نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ ملک و قوم دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے اپنے عزم میں متحد ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں شہدا اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعائیں ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے دوران شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوانوں کی بہادری کو خراج عقیدتپیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں  کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وطن عزیز کے امن کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،      شہدا ہمارا افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے پر اظہار مذمت

وفاقی وزیر اطلاعات کا دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت، شہداءکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پر حملہ ایک بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حکومت شہداکے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت عوام کے ساتھ مل کر آخری حد تک جائے گی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ کی مذمت

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے میر علی، شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مٓذمت کی ہے۔

ہفتہ کے روز اسممبلی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں  ڈپٹی اسپیکر نے دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

اپنے مذمتی پیغام میں ڈپٹی اسپیکر نے فوجی افسروں اور جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔

انہوں نے کہا ک ہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن اور ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، ملک دشمن شر پسند عناصر اپنے ناپاک ایجنڈے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp