زمان پارک میں پولیس آپریشن: پرویز الٰہی کہاں غائب ہیں؟

جمعرات 16 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پولیس کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کے دوران زمان پارک دو دن میدان جنگ بنا رہا اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ خیبرپختونخوا کے لیڈرز نے بھی زمان پارک کا رخ کیا لیکن اس پورے معاملے میں پارٹی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی منظر سے غائب رہے۔

اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے زمان پارک پہنچی تو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے شدید مزاحمت دیکھنے میں آئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی لیکن عمران خان کے پرستار سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے۔ سینیئر رہنما بھی وقتاً فوقتاً زمان پارک آتے اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے اور کئی رہنماؤں نے تو آنسو گیس کی شیلنگ بھی جھیلی لیکن ایک اہم شخص کی کمی سب ہی نے محسوس کی اور لوگ حیرت زدہ بھی رہے کہ آخر چوہدری پرویز الہی کہاں غائب ہیں؟

وی نیوز نے اس بات کا پتا لگانے کی کوشش کی تو عقدہ کھلا کہ پی ٹی آئی کے مرکزی صدر زمان پارک پولیس آپریشن سے دو روز پہلے سے ہی علالت کا شکار ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی نے وی نیوز کو بتایا کہ وہ چار روز سے بیمار ہیں، انھیں شدید فلو ہے اس لیے وہ گھر سے باہر نہیں نکل رہے۔

کیا چوہدری پرویز الٰہی کا اس دوران عمران خان سے کوئی رابطہ ہوا ؟

چوہدری پرویز الٰہی کے ایک قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ زمان پارک پولیس آپریشن کے دوران پرویز الٰہی نے دو مرتبہ عمران خان کو فون کیا ۔ پہلی دفعہ تو دونوں کی بات ہوئی لیکن دوسری بار نہیں ہوسکی جس کی وجہ یہ تھی کہ اس وقت عمران خان کی رہائشگاہ پر آنسو گیس کے شیل گر رہے تھے۔ پرویز الٰہی نے فون پر عمران خان کو بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس پر پارٹی چیئرمین نے انھیں آرام کا مشورہ دیا۔

بطور مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی کیا کام کر رہے ہیں؟

زمان پارک میں دو روز سے جاری پولیس آپریشن میں پرویز الٰہی عمران خان سے ملنے تو نہیں جاسکے البتہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز چوہدری پرویز الٰہی کی عیادت کے لیے ان کے گھر ضرور جاتے رہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی کے مطابق پرویز الٰہی ٹکٹوں کے معاملے کو بڑی توجہ سے دیکھ رہے ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں کہ گجرات، منڈی بہاء الدین، تلہ گنگ ،حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ کسے دینے ہیں۔

انھوں نے اس بات پر بھی اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے کہ کون سا ممکنہ ٹکٹ ہولڈر پنجاب میں پارٹی کے لیے کیا کررہا ہے۔ پرویز الٰہی علالت کے باوجود پارٹی کے لوگوں سے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور حالات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی کی عدم موجودگی، پی ٹی آئی کے رہنما کیا سوچ رہے ہیں؟

وی نیوز نے پاکستان تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں سے رابطہ کیا جن میں سے  ایک سینیئر خاتون  رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پرویز الٰہی ایک کمزور انسان ہیں جو ہر وقت ڈیل کے چکر میں رہتے ہیں اور یہ بیماری والی بات ان کا محض ایک بہانہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو مرکزی صدر بنایا گیا ہے لیکن ریلی میں ان کی شمولیت بھی نہ ہونے کے برابر تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنما اپنے لیڈر کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے اور کسی کے آنے نہ آنے سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انتخابات میں چوہدری پرویز الٰہی کے کردار کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp