اواتار دی وے آف واٹر، ٹاپ گن میورک کو پیچھے چھوڑ کر 2022 کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی یہ نئی فلم شاید 2009 کی فلم اواتار کے بزنس کا ریکارڈ تو نہ توڑ سکے مگر وہ گزشتہ سال کی کامیاب ترین فلم ضرور بن گئی ہے۔
16 دسمبر میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے دنیا بھر میں 22 دنوں میں ایک ارب 51 کروڑ ڈالرز کا بزنس کرلیا ہے اور ٹام گن میورک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ٹام کروز کی فلم ٹاپ گن میورک نے ایک ارب 49 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
مگر اب بھی اسے کامیاب قرار نہیں دیا جاسکتا، کم از کم ڈائریکٹر کے الفاظ کو مدنظر رکھا جائے تو ابھی بھی اسے ہٹ ہونے کے لیے مزید کمائی کی ضرورت ہے۔
اواتار دی وے آف واٹر کی ریلیز کے موقع پر جیمز کیمرون نے عندیہ دیا تھا کہ اس فلم کو کامیاب قرار پانے کے لیے کم از کم 2 ارب ڈالرز کا بزنس کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس فلم کو تاریخ کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا تھا اور رپورٹس میں فلم کے پروڈکشن بجٹ کا تخمینہ 40 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا لگایا گیا ہے جبکہ مارکیٹنگ اخراجات کو ملا کر مجموعی طور پر 60 کروڑ ڈالرز اس فلم کی تیاری پر خرچ ہوئے۔
ایک انٹرویو کے دوران جب جیمز کیمرون سے پوچھا گیا کہ کتنے بزنس کے بعد اواتار 2 سے مالی نقصان نہیں ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اسے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری یا چوتھی فلم ہونا چاہیے، جس کے بعد ہم اسے کامیاب کہہ سکیں گے۔
یعنی اس کے لیے اواتار 2 کو اسٹار وارز دی فورس اویکن یا ایوینجرز انفٹنی وار کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔
ان دونوں فلموں نے 2 ارب ڈالرز سے کچھ زیادہ بزنس کیا تھا۔
اواتار دی واٹر اب ہر دور میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں 10 ویں نمبر پر آگئی ہے اور ممکنہ طور پر 6 جنوری کو وہ 2012 کی فلم ایوینجرز کو پیچھے چھوڑ کر 9 ویں نمبر پر پہنچ جائے گی۔
2009 میں ریلیز ہونے والی فلم اواتار نے 2.92 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا مگر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اواتار دی وے آف واٹر کے لیے اتنا بزنس کرنا ناممکن محسوس ہوتا ہے۔