وزیراعظم داسو پہنچ گئے، بشام حملہ کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کارفرما ہیں: شہباز شریف

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بشام حملہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا۔ ایسے واقعے کا مقصد پاک چین غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا ہے۔ اس واقعے کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کارفرما ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف داسو کوہستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے چینی باشندوں پر بشام کے مقام پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے تناطر میں داسو ڈیم منصوبے میں کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینیئرز سے ملاقات کی۔ تعزیتی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے یہاں آیا ہوں، 25 مارچ کو 5 چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی جان سے گیا۔ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتطامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں

وزیراعظم نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے، انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔ چینی بہن بھائیوں سے اظہار تعزیت کے لیے داسو کا دورہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان اور چین کے درمیان ہر روز بڑھتی دوستی کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ڈھونڈتے ہیں۔ میں آپ لوگوں کے چہروں پر دکھ اور غم کو دیکھ سکتا ہوں، کہ آپ کے 5 ساتھی اس دنیا سے جا چکے ہیں۔ ہم اس غم میں آپ کے برابر کے ساتھ ہیں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گی کہ آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو بہترین سیکیورٹی ملے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اس افسوسناک واقعے کے فوری بعد چینی سفارتخانے کا دورہ اور اظہار تعزیت کیا تھا، اپنے بھائی سفیر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ہم یقینی طور پر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ یقینی بنائیں گے کہ انہیں مثالی سزائیں دی جائیں کہ تاکہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے جرائم کرنے کا سوچے بھی نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے یقینی دہانی کرواتا ہوں کہ ہمارا چینی صدر، عوام، سفیر اور آپ کے ساتھ یہ عزم ہے کہ چینی باشندے خوشحال پاکستان بنانے کی ہماری کوششوں کی سپورٹ کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں، ان کی سیکیورٹی ہماری سیکیورٹی ہے، ہم آنے والے وقت میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے۔

وزیراعظم کا چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کا حکم

وزیرِاعظم نے چینی انجینئرز اور ورکرز سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ وزیرِاعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اور واضح اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ  نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان کی آمد اور تعزیت کے لیے تشریف لانے پر مشکور ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کا موقع پر ہی چینی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ 25 مارچ کو ہونے والے خود کش حملے میں 5 چینی انجینیئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں ایک پاکستانی بھی شامل تھا، بیجنگ نے پاکستان سے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرتے ہوئے مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp