پاکستان پوسٹ کی ہائی پروفائل دفاتر میں خطوط بھیجنے سے پہلے جانچ پڑتال کی ہدایت

جمعہ 5 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشتبہ خطوط بھیجنے کے معاملے پر پاکستان پوسٹ نے فوری اقدامات کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا، ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے تمام پوسٹ ماسٹرز جنرل کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور یہ ہدایت کی گئی ہے کہ ہائی پروفائل دفاتر میں خطوط بھیجنے سے پہلے جانچ پڑتال کی جائے۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق پوسٹل اسٹاف کے تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، پوسٹل اسٹاف کو دستانے اور ماسک پہننے کے تمام حفاظتی انتظامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اسٹاف کو ہدایت کی گئی کہ مشکوک خطوط کی صورت میں سپروائزرز اور متعلقہ افسران کو رپورٹ کیا جائے۔

مراسلہ کے مطابق کاونٹرز، ڈی ایم اوزاور ڈیلیوری پوسٹ افسران بکنگ کے وقت محتاط رہیں، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے جج صاحبان، ڈپلومیٹس، اور ہائی پروفائل شخصیات کے خطوط کی سختی سے چیکنگ کی جائے۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق خط کو کھولا نہیں جائے گا مگر مختلف پہلوؤں سے چیک کرنے کے بعد اسے پوسٹ کرنے کی اجازت ہوگی، یہ فیصلہ خطوط میں آرسینک پاؤڈر کو دیکھ کرکیا گیا ہے۔

خیال رہے ججز کو موصول دھمکی آمیز خطوط پر تمام پوسٹ آفسز اور کورئیر دفاتر کو ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہائی پروفائل شخصیت کے نام خط آنے پر جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے اس حوالے سے سی ٹی ڈی میں جاری تحقیقات میں پوسٹ آفس کے قریب ترین سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی چیک کیا گیا لیکن کوئی مدد نہیں مل سکی،تاہم مختلف پہلوؤں سے تحققیات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ خطوط کے اوپر لکھے گئے ناموں اور ولدیت کو بھی میچ کرکے ان کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp