وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کیا گیا ہے۔
منگل کو سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے ایوان بالا میں حکومت کی نمائندگی کرنے اور سرکاری امور کو منظم انداز میں نمٹانے کے لیے وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈارکو قائد ایوان مقرر کیا ہے۔ یہ نوٹیفیکیشن 9 اپریل سے نافذ العمل ہے۔
ایوان اور اس کے ارکان کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سینیٹ وفاق کی ایک مضبوط علامت ہے اور میں اس ایوان اور اس کے ارکان کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
حلف لینے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے سینیٹرز کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اعزاز سے نوازنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ان کی پارٹی اور اتحادی
جماعتوں مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، بی این پی، اے این پی، مسلم لیگ (ق)، جے یو آئی (ف) اور آزاد امیدواروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعی ایک اعزاز اور بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ سینیٹ کی قیادت کرنا جو قوم کے اتحاد اور تنوع کی نمائندگی کرتی ہے اور مساوات کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سینیٹ کو وفاق کے ایک طاقتور ایوان کے طور پر اس کی شان میں واپس لانے میں کامیاب ہوں گے، میں اس ایوان اور اس کے ارکان کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر سیدال خان نصر کی نامزدگی موصول ہوئی ہے جو سینیٹرز اعظم نذیر تارڑ اور شیری رحمان نے تجویز کی تھی اور ان کے کاغذات نامزدگی ترتیب سے تھے اور چونکہ ایک نامزدگی موصول ہوئی تھی اس لئے سیدالناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا اعلان کیا گیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں