امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی خلیج میں کئی دنوں سے تیرتے نظر آنے والے 2 منزلہ گھر نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا تھا۔ لوگ جاننا چاہتے تھے کی 2 منزلہ تیرتا گھر کہاں سے وارد ہوا اور اس کی منزل کیا ہے؟
مزید پڑھیں
خبر رساں ادارے ’ڈیلی میل‘ کے مطابق اس گھر کو کچھ روز قبل پہلی بار سان فرانسسکو کی خلیج میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد اس تیرتے ہوئے گھر کے بارے میں متعدد قیاس آرائیاں ہونے لگیں۔ تیرتے گھر نے کچھ لوگوں کو فلم’Up‘ کی یاد دلا دی تھی جس میں ایک ایسا ہی گھر سمندر کے بجائے آسمان میں اڑتا ہوا نظر آتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس گھر نے شہر کے دوسرے کنارے ریڈ ووڈ سٹی کی بندرگاہ سے سمندر میں تیرنا شروع کیا تھا۔ ریڈ ووڈ سٹی کی بندرگاہ چند سال قبل پانی پر رہنے والے 100 سے زائد افراد کا رہائشی علاقہ تھی لیکن اب حال ہی میں قریبی رہائشی شہریوں نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جس کے بعد یہ ہاؤس بوٹس کے ذریعے بندرگاہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اب یہ ہاؤس بوٹ ریڈ ووڈ سٹی سے 2 دن کا سفر کرکے سان رافیل پہنچ گئی ہے، جہاں وہ اپنے نئے مسکن کی تلاش میں ہے۔